1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ضمانت پر رہا سلمان خان کی دبئی میں پرفارمنس

عاطف توقیر30 مئی 2015

بھارتی فلم اسٹار سلمان خان نے دبئی میں ایک پروگرام میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ رواں ماہ کے آغاز پر عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وہ عوامی سطح پر سامنے آئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1FZVL
تصویر: UNI

جمعے کے روز متحدہ عرب امارات میں عرب انڈو بالی ووڈ ایوارڈز کے پہلے سیزن کی تقریب میں سلمان خان اسٹیج پر پہنچے تو وہاں موجود حاضرین نے انہیں خوب سراہا۔ حاضرین میں اہم اور مشہور بھارتی اور عرب شخصیات موجود تھیں۔

یہ بات اہم ہے کہ سلمان خان کو ایک بھارتی عدالت نے رواں ماہ کے آغاز پر ہِٹ اینڈ اور رَن کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔ ان پر 13 برس قبل ایک شخص کو گاڑی سے ٹکر مار کر فرار ہو جانے کا الزام تھا۔ الزام کے مطابق سن 2002 میں ممبئی میں وہ شراب کے نشے میں دھت ہو کر گاڑی چلا رہے تھے اور انہوں نے فٹ پاتھ پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود ایک بے گھر شخص مارا گیا۔

Indien Film Bollywood Schauspieler Salman Khan
بھارتی اداکار سلمان خان کو ہائی کورٹ کے حکم پر ضمانت پر رہائی ملی ہےتصویر: Getty Images/AFP/P. Paranjpe

اس تقریب میں سلمان خان اپنے اعلان کیے گئے وقت سے پانچ گھنٹے تاخیر سے پہنچے، جب کے ہال حاضرین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور لوگ ان کے منتظر تھے۔ حاضرین میں بھارتی ادکارہ ارواشی راتیلا اور اداکار و پروڈیوسر انیل کپور بھی موجود تھے۔ یہ تقریب صبح تک جاری رہی۔ سلمان خان نے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ ساجد ناڈیا والا کو ان کی فلم ’کِک‘ پر پیش کیا۔

یہ بات اہم ہے کہ چھ مئی کو ایک بھارتی عدالت نے سلمان خان کو پانچ برس قید کی سزا سنائی تھی۔ تاہم اس کے دو روز بعد ممبئی کی ہائی کورٹ نے اس سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے 49 سالہ اداکار سلمان خان کی سزا پر عمل درآمد روک دیا تھا اور انہیں ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ عدالت نے ان سے کہا تھا کہ بھارت سے باہر جانے کے لیے انہیں ایک خصوصی اجازت نامہ درکار ہو گا۔ منگل کے روز عدالت نے انہیں ان ایوارڈز میں شرکت کے لیے دبئی جانے کی اجازت دے دی تھی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سلمان خان کی اپیل کی سماعت دو ماہ کے اندر اندر شروع ہو جائے گی۔