1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غذائیت سے بھرپور خوراک کا حامل اوّل نمبر ملک ہالینڈ

عابد حسین15 جنوری 2014

ایک غیر سرکاری تنظیم کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں یورپی ملک ہالینڈ غذائیت اور صحتمندانہ خوراک رکھنے والا سرفہرست ملک ہے۔ اس فہرست میں پاکستان کو 97 واں ملک قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1AqcT
تصویر: Fotolia/gpointstudio

بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم آکسفیم کی جانب سے دنیا کے 125 ملکوں میں پائی جانے والی خوراک کا سروے مکمل کر کے صحتمند اور غذائیت سے بھرپور خوراک کے حامل ملکوں کی سالانہ درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے۔ اس نئی عالمی رینکنگ میں پہلا مقام یورپی ملک ہالینڈ کو دیا گیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکا اور جاپان ٹاپ ٹوئنٹی ملکوں میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔ پہلا مقام حاصل کرنے پر ہالینڈ نے فرانس اور سوئٹزرلینڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ آکسفیم تنظیم کی سینیئر ریسرچر ڈیبرا ہارڈون عالمی فوڈ انڈیکس کے نتائج کو مرتب کرنے والی ٹیم کی سربراہ تھیں۔

Deutschland Einzelhandel Lebensmittel im Supermarkt
ہالینڈ میں غذائیت سے بھرپور خوراک آسانی سے دستیاب ہےتصویر: picture-alliance/Rainer Hacken

اوکسفیم کے فوڈ انڈیکس میں ہالینڈ کو ٹاپ پوزیشن دیتے ہوئے بیان کیا گیا کہ اِس یورپی ملک نے صحت مند خوراک پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ایسی مارکیٹ قائم کی ہے جہاں سے غذائیت سے بھرپور خوراک وافر مقدار میں میسر ہے اور مختلف اقسام کی خوراک انتہائی متوازن بھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہالینڈ میں خوراک کی قیمتیں دیگر ہمسایہ ملکوں کے مقابلے میں کم اور استحکام کی حامل ہیں۔ اوکسفیم کے مطابق ولندیزی لوگوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں اور یہ شرح دنیا کے تمام ملکوں سے کہیں بہتر ہے۔

عالمی فوڈ انڈیکس میں زیادہ مقام یورپی ممالک کو حاصل ہوئے ہیں۔ برطانیہ ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہو سکا اور اُس کو 13 ویں پوزیشن ملی ہے۔ آسٹریلیا کو 12 واں مقام دیا گیا اور اسی پر تین یورپی ملکوں اٹلی، پرتگال اورآئر لینڈ کو بھی رکھا گیا ہے۔ یورپ سے باہر کے ملکوں میں پیرو کو 51 ویں اور کرغزستان کو 65 ویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔ یورپ کے چھوٹے سے ملک لکسمبرگ کو آٹھویں پوزیشن ملی ہے۔ امریکا میں بظاہر خوراک کی فراوانی خیال کی جاتی ہے لیکن موٹاپے اور ذیابیطس میں اضافہ ہونے کی وجہ سے اِسے 21 ویں پوزیشن دی گئی ہے۔ جاپان کو خوراک کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے امریکا کے ساتھ 21 ویں پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔

غیر صحت مند خوراک اور غذائیت سے محروم خوراک کے حامل نچلی 30 پوزیشنیں رکھنے والے ملکوں میں پاکستان بھی شامل ہے۔ پاکستان اور بھارت دونوں 97 ویں مقام پر ہیں۔ عالمی فوڈ انڈیکس میں افریقی ملک خاصی نچلی پوزیشنوں پر ہیں۔ ان ملکوں میں نامناسب خوراک کے ساتھ ساتھ یہ مہنگی بھی ہے۔ افریقی ملکوں میں مہنگی اور نامناسب و غیر صحت مند خوراک رکھنے والوں میں گنی اور گیمبیا خاص طور پر اہم خیال کیے گئے ہیں۔ جنوبی ایشیاء میں بنگلہ دیش میں دستیاب خوراک پاکستان اور بھارت سے بھی کم معیاری ہے اور اِس باعث اِس ملک کو 102 ویں پوزیشن دی گئی ہے۔

صحتمند اور غذائیت سے بھرپور خوراک کے حامل ملکوں کی فہرست میں افریقی ملک چاڈ کو سب سے نچلی یعنی 125 ویں پوزیشن دی گئی ہے۔ اِس عالمی انڈیکس میں چاڈ سے پہلے دوسرے افریقی ملک ایتھوپیا اور انگولا ہیں۔ کم پوزیشن کے حامل ملکوں میں برونڈی کو 119 ویں، جزیرہ نما عرب کے ملک یمن کو 121 ویں اور بحر ہند کی جزیرہ نما ریاست مڈغاسکر 122 ویں مقام پر ہیں۔

عالمی فوڈ انڈیکس جاری کرنے والی تنظیم آکسفیم بنیادی طور پر عالمی سطح پر امداد فراہم کرنے والی بین الاقوامی ترقیاتی آرگنائزیشن ہے۔