1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ کی ناکہ بندی میں نرمی کا اسرائیلی اعلان، یورپی یونین کا خیرمقدم

6 جولائی 2010

اسرائیلی حکومت نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں غزہ کی ناکہ بندی میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے اس اسرائیلی اعلان کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/OBNY
تصویر: AP

اسرائیلی حکومت نے پیر کے روز اپنے اعلان میں غزہ کے لئے تعمیراتی سامان کی ترسیل کی اجازت کا اعلان کیا۔ حکومتی اعلان میں کہا گیا ہے کہ اُسے غزہ میں تعمیراتی شعبے کے لئے مخصوص ساز وسامان عالمی برادری کی نگرانی میں استعمال ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کا یہ بیان غزہ کے لئے اس کی پالیسی پر نظر ثانی کا اشارہ دے رہا ہے، جو ایک خوش کن بات ہے:’’ملکی سلامتی کا خیال رکھتے ہوئے یہ نئی اسرائیلی پالیسی غزہ میں رہنے والے عام شہریوں کے معیار زندگی کی بہتری میں اہم کردار کی حامل ہو گی۔‘‘

Bisher größte Gaza Solidaritätsflotte unterwegs
غزہ کے خلاف پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ اس حوالے سے اسرائیلی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ ہےتصویر: AP

پیر کے روز اسرائیلی حکومت کی طرف سے غزہ کے لئے قابل ترسیل تعمیراتی سامان کی ایک نئی فہرست جاری کی گئی۔ اسرائیلی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ ساز وسامان صرف ایسے پروجیکٹس کے لئے استعمال کیا جائے گا، جو فلسطینی انتظامیہ کی طرف سے منظور کردہ ہوں اور جن کی نگرانی عالمی برادری کرے۔

NO-FLASH Israel erwidert Raketenangriff
ڈیڑھ برس قبل ہونے والی جنگ سے غزہ کا بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا تھاتصویر: picture alliance/dpa

یورپی خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشین نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نئی اسرائیلی فہرست کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ غزہ کی تعمیر نو کے عمل کو آگے بڑھا کر اس کی معاشی صورت حال میں بہتری کی مؤثر کوشش کی جا سکے۔

دریں اثناء اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اپنے دورہء امریکہ کے لئے واشنگٹن روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے میں وہ امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ آج منگل کے روز ملاقات کریں گے۔

مقبوضہ علاقوں میں یہودی آباد کاری کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں آ جانے والی قدرے سرد مہری کے تناظر میں اس ملاقات کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں نئی بستیوں کی تعمیر کے موضوع کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔ اس سے قبل نیتن یاہو اور صدر اوباما کے درمیان رواں برس مارچ میں بھی ملاقات ہوئی تھی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں