1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس، ’بارڈر کنٹرول‘ میں مزید چھ ماہ کی توسیع

4 اپریل 2018

یورپی کمیشن کے ایک اعلان کے مطابق یورپ کے پاسپورٹ فری ’شینگن زون‘ میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے باعث پیرس حکومت نے ملکی سرحدوں کی نگرانی کی مدت میں ایک مرتبہ پھر توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2vUfe
Belgien kontrolliert Autos an der Grenze zu Frankreich in De Panne
تصویر: Reuters/F. Lenoir

فرانسیسی حکومت کے مطابق سرحدی نگرانی کی مدت میں مزید توسیع کے بعد اب رواں برس اکتوبر تک  ملکی سرحدوں کی نگرانی کا عمل جاری رہے گا۔ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی کمیشن کی ترجمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’رواں ہفتے فرانس کی طرف سے یورپی کمیشن کو اس حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن موصول ہوا تھا۔‘‘

نومبر 2015ء میں فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں داعش کی جانب سے کیے گئے ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد ملکی سرحدوں کی نگرانی کا اعلان کیا گیا تھا۔ پیرس حملے کے نتیجے میں ایک سو تیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فرانس میں دہشت گردی کے واقعات میں تسلسل کی وجہ سے پیرس حکومت کی جانب سے ہر چھ ماہ بعد ’بارڈر کنٹرول‘ میں توسیع کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

یورپی یونین سرحدوں کی نگرانی سخت کرنے پر متفق

جرمن وزیر داخلہ کا ملکی سرحدوں کی نگرانی سخت کرنے کا مطالبہ

Infografik Grenzkontrollen und Grenzzäune in Europa DEU

علاوہ ازیں یورپی یونین کے شینگن زون کے چھبیس ممالک میں سے جرمنی، آسٹریا، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کی جانب سے سرحدوں کی نگرانی کا فیصلہ خانہ جنگی کی وجہ سے مغربی یورپ کا رخ کرنے والے لاکھوں مہاجرین کی آمد کے نتیجے میں سامنے آیا تھا۔ تاہم دہشت گردی کے خطرے کی وجہ سے ان پانچوں ممالک نے بھی اپنی سرحدوں پر نگرانی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مہاجرین کو روکنے کے لیے سرحدی نگرانی فوج کے سپرد، آسٹریا

یونانی سرحدی شہر کے مضافات سے دو مہاجرین کی لاشیں برآمد

جرمنی کے نئے وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر گزشتہ ماہ ایک بیان میں ملکی سرحدوں کی نگرانی میں توسیع کا ذکر کرچکے ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جب تک یورپی یونین کی جانب سے یورپ کی بیرونی سرحدوں کی حفاظت کو مؤثر نہیں بنایا جاتا تب تک جرمن سرحدوں کی نگرانی ضروری ہے۔ جرمن وزارت داخلہ کی ترجمان کے مطابق یورپی کمیشن کو سرحدوں کی نگرانی میں توسیع کے حوالے سے ابھی تک آگاہ نہیں کیا گیا۔ تاہم فی الوقت  برلن حکومت کی جانب سے صرف  آسٹریا سے  متصل سرحد پر نگرانی کی جارہی ہے۔

Belgien kontrolliert Autos an der Grenze zu Frankreich in De Panne
تصویر: Reuters/F. Lenoir

مزید یہ ہے کہ رواں برس ’شینگن زون‘ کے چھبیس ممالک میں سے فرانس پہلا ملک ہے جس نے اپنی سرحدوں پر پاسپورٹ کنٹرول جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کی اطلاعات کے مطابق ’شینگن زون‘ کے دیگر ممالک میں آسٹریا کی جانب سے بھی جلد ہی اپنی سرحدوں کی نگرانی کا فیصلہ سامنے آئےگا۔ تاہم آسٹریا کی وفاقی حکومت نے ابھی حتمی طور پر اس بات کا اعلان نہیں کیا ہے۔ واضح رہے شینگن زون میں ایک ملک سے دوسرے ملک میں داخل ہونے کے لیے عموماﹰ پاسپورٹ چیک کرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

ع آ۔ ع ب۔ (اے ایف پی)

یورپی یونین کی سرحدوں کی بہتر نگرانی کا نیا منصوبہ