1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلوریڈا میں ہم جنس پرستوں کی شادی پر پابندی ختم

کشور مصطفیٰ6 جنوری 2015

امریکی ریاست فلوریڈا میں ہم جنسوں کی شادی پر لگی پابندی کا خاتمہ پیر کی نیم شب اُس وقت ہو گیا جب ایک کورٹ نے بلا تاخیر ہم جنس جوڑوں کو شادی کے لائسنس جاری کرنا شروع کر دیے۔

https://p.dw.com/p/1EFgA
تصویر: picture-alliance/AP Proto/J. Scott Applewhite

50 امریکی ریاستوں میں سے فلوریڈا اب 36 ویں ایسی ریاست بن گئی ہے، جہاں ہم جنس پرست جوڑوں کو شادی کی اجازت مل گئی ہے۔ رشتہ ازدواج میں بندھنے والے ولیم لی جونز نے 10 سال کی پارٹنر شپ کے بعد اپنے ساتھی آرون ہنٹسمن سے شادی کرنے کے فوراً بعد ہی اخبار میامی ہیرالڈ کو بیان دیتے ہوئے کہا، "میں خوش ہوں کہ ہمارا رشتہ آخر کار قانونی شکل اختیار کر گیا ہے"۔

قانونی طور پر شادی کرنے والا یہ جوڑا فلوریڈا کے ہم جنس پرست اُن متعدد جوڑوں میں شامل ہے، جس نے اس ریاست کی انتظامیہ پر اس حوالے سے مقدمہ کر رکھا تھا کہ وہ ہم جنس پرستوں کو اُن کے بنیادی حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہے۔ امریکا کے ایک ڈسٹرکٹ جج رابرٹ ہینکل نے گزشتہ ہفتے ہم جنس پرستوں کی شادی پر پابندی کے فیصلے کو مسترد کر دیا تھا اور اُن کا کہنا تھا کہ عدالتی اہلکار ریاست کی طرف سے لگی پابندی کے اطلاق کو لازمی نہ سمجھیں۔ اس بارے میں 2008ء میں ووٹروں نے اپنی رائے کے ذریعے منظوری دی تھی۔

USA gleichgeschlechtliche Ehe Heirat Hochzeit Orville Bell Joseph Panessidi
2013 ء میں نیو جرسی میں ہونے والی ہم جنس پرست مردوں کی پہلی شادیتصویر: Reuters

گزشتہ سال اگست میں ایک عدالتی فیصلہ سناتے ہوئے ہینکل نے کہا تھا کہ ہم جنس پرستوں کی شادی پر پابندی غیر آئینی ہے۔ انہوں نے اس پابندی کو ماضی میں بین النسلی شادیوں پر لگی پابندی کے برابر قرار دیا تھا جسے 50 برس قبل ختم کر دیا گیا تھا۔

پیر کو فلوریڈا میں ہم جنس پرستوں کی شادی پر پابندی اُٹھنے کے بعد دو مردوں کی شادی کے قانونی اعلان کے بعد متعدد ہم جنس پرست جوڑوں نے سڑکوں پر نکل کر خوشی کا اظہار کیا اور ولیم لی جونز اوراُن کے پارٹنر آرون ہنٹسمن کو شادی کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر فلوریڈا کی ویسٹ پام بیچ سے تعلق رکھنے والے دو خواتین پر مشتمل ایک ہم جنس پرست جوڑے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اخبار پام بیچ پوسٹ کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں تھا کہ اُن کی زندگی میں یہ ممکن ہو گا۔ ارما اولیور اور جولیا بُرگ ہیز ایک دہائی تک پارٹنر رہیں جس کے بعد ان کے لیے شادی کرنا ممکن ہوا ہے۔

Symbolbild Homosexualität Lateinamerika
2009 ء میں لاطینی امریکا میں بھی ہم جنس پرست مردوں کی پہلی شادی ممکن ہوئی تھیتصویر: picture-alliance/dpa

کیلیفورنیا اور ٹیکساس کے بعد فلوریڈا آبادی کے اعتبار سے امریکا کی تیسری بڑی ریاست ہے۔ فلوریڈا کی کُل آبادی 20 ملین ہے۔ 2013ء میں امریکی سپریم کورٹ نے شادی کے سخت وفاقی قوانین کو ختم کرتے ہوئے دیگر شادیوں کو مخالف جنسوں کے مابین ہونے والی شادیوں کے مساوی تسلیم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ اس اقدام سے ہم جنس پرست خواتین اور مرد جوڑوں کو وفاقی قانون کے تحت دیگر جوڑوں کے مساوی حقوق حاصل کرنے کا موقع مل گیا تاہم ابھی بھی کئی امریکی ریاستوں میں ہم جنس جوڑوں کو شادی کی اجازت نہیں ہے۔