1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: جرمنی نے ترکی کو ہرا دیا

8 اکتوبر 2011

جرمن ٹیم نے اپنی سو فیصد فتح کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے یورو کپ دو ہزار بارہ کے ایک کوالیفائنگ میچ میں ترکی کی ٹیم کو تین ایک سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/12o70
تصویر: Fotolia/ Michael Siegmund

جرمنی کی جانب سے ماریو گومیز نے ایک گول جبکہ تھوماس موئیلر نے ایک اور باستیان شوائن شٹائگر نے بھی ایک گول کیا۔ جرمنی کی اس فتح کے بعد یورو کوالیفائنگ مقابلے کے نو میچ کھیلنے کے بعد جرمنی کے مجموعی طور پر ستائیس پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ اس شکست کے بعد ترکی چودہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔

جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو، جنہوں نے اس میچ میں بائرن میونخ کلب کے سات کھلاڑیوں کو آزمایا تھا، کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم نے وہی کھیل پیش کیا جس کی انہیں امید تھی۔ ’’میں اپنی ٹیم کی تعریف کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے ایک ایسی ٹیم کا مقابلہ کیا جو جیت سکتی تھی اور جس کو تماشائیوں کی زبردست حمایت حاصل تھی۔‘‘

جرمنی کی ٹیم کا مقابلہ منگل کے روز بیلجیئم کے ساتھ ہوگا۔

NO FLASH Fußball EM-Qualifikation 2011 Deutschland gegen Türkei
جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے اس میچ میں بائرن میونخ کلب کے سات کھلاڑیوں کو آزمایا تھا۔تصویر: dapd

ترکی کی ٹیم میچ کے ساتویں منٹ میں سبقت حاصل کر سکتی تھی مگر ترک کھلاڑی کی جانب سے گول کی کوشش کو جرمن گول کیپر مانوئل نوئر نے انتہائی عمدگی سے ناکام بنا دیا۔ دسویں مٹ میں گومیز نے گول کر کے جرمنی کی ٹیم کو میچ میں برتری دلوا دی۔

ترکی کی ٹیم کے لیے یہ میچ جیتنا بیلجیئم پر پوائنٹس کی برتری کے لیے بھی ضروری تھا۔ ترکی کی ٹیم کی جانب سے گول میچ کے اناسیویں منٹ میں کیا گیا جس سے ترک شائقین کو میچ میں واپسی کی تھوڑی سی امید ہو چلی تھی تاہم یہ گول ان کو فتح نہ دلوا سکا۔ شوائن اشٹائگر نے جرمن کی طرف سے تیسرا گول کر کے ترکی کی رہی سہی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

یورو کپ دو ہزار بارہ کے کوالیفائنگ میچوں میں نو میچ جیت کر جرمنی نے انیس سو بیاسی کے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچوں میں آٹھ فتوحات کا اپنا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ جرمنی کی کوشش ہے کہ وہ بیلجیئم کو شکست دے کر تمام دس میچ جیت لے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں