1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال کھلاڑیوں کے ساتھ سیکس کی ترغیب دیتا اشتہار

21 جون 2018

برگرکنگ نے عالمی کپ فٹ بال کے لیے بنائے گئے اپنے ایک اشتہار کو روکنے کا اعلان کیا ہے، جس میں روسی خواتین کو فٹ بالروں کے ساتھ جنسی تعلقات کے لیے اکسایا گیا تھا۔ برگرکنگ نے اس اشتہار پر معذرت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/300xV
Burger King Whopper
تصویر: picture-alliance/AP Photo/G.J. Puskar

عالمی کپ فٹ بال کے موقع پر دنیا بھر کی فٹ بال ٹیمیں روس میں ہیں اور ایسے میں برگر کنگ نے اپنی ایک اشتہاری مہم میں روسی خواتین سے کہا تھا کہ وہ خواتین جو فٹ بالروں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے کے بعد حاملہ ہوں گی، انہیں قریب 45 ہزار ڈالر دیے جائیں گے جب کہ وہ تمام عمر برگرکنگ سے مفت برگر بھی کھا سکیں گی۔

اس مہم کے مطابق، ’’اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے برگرکنگ ان تمام خواتین کو انعام دینے کا اعلان کرتا ہے، جو فٹ بالروں سے حاملہ ہوں گی۔ ہر خاتون کو تین ملین روبیل (45 ہزار ڈالر) اور تمام عمر وہوپر برگز ملیں گے۔ ایسی خواتین جو فٹ بال کے بہترین جین حاصل کر لیں گے، مستقبل کی کامیاب روسی نسل کو یقینی بنائیں گی۔‘‘

اس آن لائن اشتہاری پوسٹ کا اختتام ان الفاظ پر ہوتا تھا، ’’ نکل پڑیے، ہمیں آپ پر اعتبار ہے۔‘‘

ايردوآن کا ہٹلر سے موازنہ، پوسٹر ہٹانے پر فرانسيسی صدر برہم

’مسلم اشتہار‘ کیا جرمن معاشرہ اسلام پسندی کی طرف جا رہا ہے؟

بھارتی ٹی وی چینلز پر ’کنڈومز کے اشتہارات‘ بند

اس اشتہار پر سوشل میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا کی جانب سےشدید تنقید سامنے آنے کے بعد برگرکنگ نے یہ اشتہار ختم کر دیا ہے۔ برگرکنگ کی جانب سے اس حوالے سے معذرت کرتے ہوئے کہا گیا، ’’ہم اپنے بیان پر معافی چاہتے ہیں۔ یہ جذبات مجروح کرنے والا معاملہ بن گیا تھا۔‘‘

یہ اشتہار ایک طرح سے ان روسی قانون سازوں پر پھبتی کسنے کے مترادف بھی تھا، جنہوں نے روسی خواتین کو متنبہ کیا تھا کہ وہ عالمی کپ فٹ بال کے دوران روس آنے والے غیر ملکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات استوار نہ کریں۔

کمیونسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی ایک قانون ساز تمارا پلیٹنیووا نے ایک مقامی ریڈیو سے بات چیت میں کہا تھا، ’’یہ ورلڈ کپ روسی خواتین کو دوسری نسلوں کے بچے پالنے پر لگا دے گا۔‘‘

پلیٹنیووا کا کہنا تھا کہ سن 1980 کے ماسکو اولمپکس میں کئی روسی خواتین نے غیر ملکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے تھے اور حاملہ ہو گئی تھیں۔ ’’ایسے میں بچوں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ خوش بختی یہ ہو سکتی ہے کہ وہ ایک ہی (ماں والی) نسل سے ہوں مگر اگر ان کی نسل مختلف ہوتی ہے، تو اس سے برا کچھ نہیں ہو سکتا۔‘‘

ماسکو حکومت نے تاہم پلیٹینیووا کے اس بیان سے دوری اختیار کرتے ہوئے کہا تھا، ’’روسی خواتین اپنے معاملات کی دیکھ بھال خود کر سکتی ہیں کیوں کہ وہ دنیا کی سب سے بہترین خواتین ہیں۔‘‘

ع ت / ع الف