1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: برازیل کی جیت

16 جون 2010

منگل کو جنوبی افریقہ میں جاری ورلڈ کپ کے تین میں سے دو میچ برابری پر ختم ہوئے، ان میں پرتگال اور آئیوری کوسٹ کا میچ بھی شامل تھا، برازیل کی ٹیم اپنا پہلا میچ جیت گئی۔

https://p.dw.com/p/NrjO
برازیلی فٹ بالر ایلانو گول کرنے کے بعدتصویر: AP

فٹ بال کی عالمی چیمپیئن شپ میں منگل کو نیوزی لینڈ نے یورپی ٹیم سلوواکیا کو فتح سے دور رکھا اور میچ ایک ایک گول سے برابر رہا ۔ آئیوری کوسٹ کی چھپی رستم ٹیم کا مقابلہ مضبوط یورپی ٹیم پرتگال سے تھا۔ یہ میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ منگل کو شمالی کوریا کی ٹیم کے خلاف برازیل کی ٹیم ایک کے مقابلے میں دو گول سے میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔

برازیل بمقابلہ شمالی کوریا

اس میچ میں توقع کے مطابق برازیلی ٹیم کا کھیل خاصا جارحانہ تھا۔ برازیل کے کھلاڑی گول پر حملے کرنے لگے لیکن ان کی شارٹس باہر جاتی رہیں۔ اس کے علاوہ شمالی کوریا کا دفاع بھی بہتر تھا۔ پہلا ہاف برابری پر ختم ہوا جو یقینی طور پر شمالی کوریا کے لئے حوصلہ افزاء تھا۔ برازیل کےکھلاڑی تمام تر دباؤ کے باوجود گول نکالنے سے محروم رہے۔ برازیلی کھلاڑیوں کی جانب سے شمالی کوریائی گول پو چھبیس مرتبہ گول حاصل کرنے کی شارٹس لگائی گئیں۔ اس پرفارمنس پر کوچ ڈونگا یقینی طور سے پریشان دکھائی دے رہے تھے۔ عالمی شہرت کے کیکا بھی گول کے مواقع ضائع کرنے والوں میں شامل تھے۔ میچ کے 55 ویں منٹ میں میکن نے زیرو اینگل سے گیند کو سونگ کرتی شارٹ لگائی جو گول کیپر کے قریب سے گزرتی ہوئی گول پوسٹ میں داخل ہو گئی۔ بلاشبہ یہ ایک ناقابل یقین کک تھی۔ 72 ویں منٹ میں برازیلی کھلاڑی کے شاندار پاس کو ایلانو نے گول میں تبدیل کر کے اپنی ٹیم کی سبقت کو مستحکم بنا دیا۔ اس گول کے بعد برازیلی کھلاڑیوں نے گیم کی رفتار کو سست کرتے ہوئے گیند پر کنٹرول زیادہ سے زیادہ رکھنے کی کوشش کی اور اس دوران89 ویں منٹ میں شمالی کوریائی کھلاڑیوں نے برازیلی دفاع میں دراڑ ڈالتے ہوئے ایک گول کردیا۔ یہ گول ژی یوان نام کھلاڑی نے کیا۔ برازیل کی ٹیم تین پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

Fußball WM 2010 Südafrika Brasilien vs Nordkorea NO FLASH
برازیل کی جانب سے دوسرا گول کرنے والے ایلانو اور دوسرے کھلاڑیتصویر: AP

آئیوری کوسٹ بمقابلہ پرتگال

پرتگال اور آئیوری کوسٹ کا میچ خاصا زور دار رہا۔ دونوں ٹیمیں جارحانہ کھیل کے ساتھ دفاعی کھیل کا مظاہرہ بھی کر رہی تیھں۔ کئی مواقع پر آئیوری کوسٹ کی ٹیم گول کرنے کے پوزیشن میں ضرور آئی لیکن پرتگیزی ٹیم کا دفاع اور گول کیپر راستے میں حائل تھے۔ یہی حال کم و بیش پرتگال کی ٹیم کا تھا۔ پرتگال کے تیز رفتار کرسٹیانو رونالڈو بھی آئیوری کوسٹ کی ٹیم کا دفاع توڑنے میں ناکام رہے۔ آئیوری کوسٹ کے عالمی شہرت کے فٹ بالر دروگبا دوسرے ہاف میں میدان میں اترے لیکن وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔ یہ میچ پورٹ ایلزبیتھ کے نیلسن مینڈیلا سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پرتگال کے گول کیپر ایڈوارڈو اور آئیوری کوسٹ کے گول کیپر بیری کا کھیل قابل ستائش تھا۔

Fußball WM 2010 Südafrika Elfenbeinküste vs Portugal Flash-Galerie
دروگبا:پرتگال کے خلاف میچ میںتصویر: AP

نیوزی لینڈ بمقابلہ سلوواکیا

اس میچ میں یورپی ٹیم سلوواکیا نے میچ پر مسلسل گرفت رکھی۔ پہلے ہاف مبں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکی تھیں۔ دوسرے ہاف کے پندرہویں منٹ میں رابرٹ ویٹک (Robert VITTEK) نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ سلوواکیا کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کے کئی سنہرے اور یقینی مواقع ضائع کئے۔ میچ کے مقررہ وقت کے بعد ضائع شدہ وقت کا حساب برابر کرنے کے لئے جو تین منٹ اضافی دیئے گئے اس میں نیوزی لینڈ کے ونسٹن ریڈ نے گول کر کے میچ برابر کردیا۔ گروپ ایف کے تمام میچ برابری پر ختم ہوئے اور اب سبھی ٹیموں کے پاس ایک ایک پوائنٹ ہیں۔

بدھ کے میچ

آج بدھ کو گروپ مرحلے کے پہلے راؤنڈ کے تمام میچ مکمل ہو جائیں گے۔ ایک بار پھر گروپ اے سے میچوں کا سلسلہ شروع ہو گا۔ گروپ ایچ میں آج پہلا میچ ہونڈوراس کا چلی کے ساتھ ہو گا۔ گروپ مرحلے کا آخری میچ سپین اور سوئٹزر لینڈ کی ٹیمیں کھیلں گی۔ بدھ کے روز تیسرا میچ میزبان جنوبی افریقہ اور یوراگوئے کے درمیان ہو گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید