1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قادری کو ’پلیٹ فارم‘ دینے والے ٹی وی چینلز پر جرمانہ

11 جنوری 2011

پاکستان میں دو ٹیلی وژن چینلز پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے ’دہشت گردوں کو پلیٹ فارم‘ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہی خونی مناظر نشر کیے۔

https://p.dw.com/p/zwL7
مَلک ممتاز حسین قادریتصویر: AP

پاکستانی ذرائع ابلاغ نے الیکٹرانک میڈیا کی نگرانی کرنے والے ادارے پیمرا کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ جرمانے ’سما ٹی وی‘ اور ’وقت ٹی وی‘ پر عائد کیے گئے ہیں۔ ان دونوں اداروں کو دس دس لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔

بتایا جاتا ہے کہ ان ٹیلی وژن چینلز نے گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کا اعتراف کرنے والے مَلک ممتاز حسین قادری کے انٹرویوز نشر کیے۔ پیمرا کے اعلامیے کے مطابق ان سیٹیلائٹ چینلز نے سلمان تاثیر کے قتل کی کوریج کے دوران ضوابط کی خلاف ورزی کی۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ ان چینلز کو چار جنوری کو ہی نوٹس جاری کر دیے گئے تھے اور انہیں اس حوالے سے چھ اور دس جنوری کو منعقد ہونے والی سماعتوں کے دوران وضاحت کے لئے مناسب موقع دیا گیا۔ پیمرا ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جرمانہ منگل کو عائد کیا گیا ہے۔

Salman Taseer
سلمان تاثیر کی اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک یادگار تصویرتصویر: Picture-Alliance/dpa

واضح رہے کہ پاکستانی صوبے پنجاب کے گورنر سلمان تاثیر کو ان کے ایک باڈی گارڈ مَلک ممتاز حسین قادری نے گزشتہ ہفتے قتل کر دیا تھا۔ قادری نے میڈیا اور عدالت کو بتایا کہ اس نے سلمان تاثیر کو ان کی توہین رسالت کے قانون سے مخالفت پر قتل کیا۔

سلمان تاثیر کو پاکستان کے روشن خیال سیاستدانوں میں خیال کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے نومبر میں ایک ضلعی عدالت کی جانب سے توہین رسالت کے الزام میں سزائے موت کا سامنا کرنے والی خاتون آسیہ بی بی کی کھل کر حمایت کی تھی اور ان سے جیل میں ملاقات کے لئے پہنچ گئے تھے۔ اس وقت انہوں نے توہین رسالت کے قانون میں ترمیم کا عندیہ بھی دیا تھا، جس پر انتہاپسندانہ نظریات رکھنے والی جماعتوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا تھا۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں