1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قزاقستان: بس میں آگ لگنے سے ازبکستان کے 52 شہری ہلاک

افسر اعوان خبر رساں ادارے
18 جنوری 2018

وسطی ایشیائی ریاست قزاقستان میں ایک بس کو آگ لگنے کے سبب اس میں سوار 52 مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔ قزاقستان کی وزارت داخلہ کے مطابق یہ واقعہ ملک کے شمال مغربی علاقے اکتاؤ میں پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/2r3Q1
Karte Zentralasien ENG

قزاقستان کی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کے بعد اس بس میں سوار محض پانچ افراد بچ نکلنے میں کامیاب ہو سکے۔ وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اس بس میں ہمسایہ ریاست ازبکستان کے شہری سفر کر رہے تھے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بس کے دو ڈرائیور بھی شامل ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق یہ بس قزاقستان کے شمال مغربی علاقے اکتاؤ میں سفر کر رہی تھی۔ یہ علاقہ روسی شہر سمارا کو قزاقستان کے جنوبی شہر شِمکینٹ سے ملاتا ہے جو ازبکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ بس کس سمت میں جا رہی تھی تاہم اس راستے پر  زیادہ تر ایسے اُزبک مہاجر محنت کش سفر کرتے ہیں جو روس میں تعمیرات کے شعبے میں مزدوری کرتے ہیں۔

Kasachstan Pipeline Straße
قزاقستان کی وزارت داخلہ کے مطابق یہ واقعہ ملک کے شمال مغربی علاقے اکتاؤ میں پیش آیا۔تصویر: Stefano Grazioli

قزاقستان کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جلتی ہوئی بس سے محض پانچ مسافر باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ملکی وزارت داخلہ کے مطابق بظاہر یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دن کے 10:30 بجے پیش آیا۔ عالمی وقت کے مطابق یہ صبح 4:30 کا وقت بنتا ہے۔ وزارت داخلہ کے بیان میں اس حادثے کی وجوہات کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔