1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’لفتھانزا میں چار ہزار نئی آسامیوں کا اعلان ‘

3 جنوری 2011

جرمنی کی قومی ایئرلائن لفتھانزا نے کہا ہے کہ رواں برس ملازمتوں کے چار ہزار نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ یہ اعلان اس فضائی کمپنی کے نئے سربراہ کرسٹوف فرانس نے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/zsk0
تصویر: dpa

لفتھانزا کے سربراہ کرسٹوف فرانس کا یہ انٹرویو جرمن اخبار بِلڈ کی پیر کی اشاعت میں شامل ہے۔ اس انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’لفتھانزا ترقی کر رہی ہے۔ ہم جرمنی میں ملازمتوں کے چار ہزار نئے مواقع پیدا کرنے جا رہے ہیں۔‘

’بِلڈ‘ اخبار نے کرسٹوف فرانس کا یہ بیان انٹرویو کے مکمل متن کی اشاعت سے پہلے جاری کیا ہے۔ اخبار کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق یہ ایئرلائن فرینکفرٹ اور میونخ میں دوہزار 200 نئے فلائٹ ایٹینڈنٹس بھرتی کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی گراؤنڈ سٹاف کے لئے نو سو بھرتیاں کھولی جائیں گی، سٹوڈنٹس پائلٹس کے لئے 270 نئی پیش کشیں سامنے آئیں گی جبکہ اپرینٹس اور تکنیکی سٹاف کے لئے بھی تین سو نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔

فرانس کا کہنا ہے، ’ہمارے فلیٹ میں ایئربس A380 شامل ہے، طیارے بڑے ہیں اور علاقائی اور بین الاقوامی پروازوں کے لئے ہمارے پاس زیادہ سے زیادہ نشستوں کی گنجائش ہے، اس لئے کاک پِٹ اور کیبن، دونوں ہی جگہوں پر فرائض کی انجام دہی کے لئے عملے کے لئے ہماری ضروریات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ہمیں مزید گراؤنڈ سٹاف بھی درکار ہے۔‘

Lufthansa Vorstandsmitglied Christoph Franz
کرسٹوف فرانستصویر: picture-alliance/ dpa

’بِلڈ‘ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق لفتھانزا نے اپنے اخراجات میں کمی کا اعلان بھی کیا ہے، جس کے تحت طیاروں کی تعداد میں کمی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لئے چھوٹے طیاروں کے بجائے زیادہ سے زیادہ بڑے طیارے فلیٹ میں شامل کئے جائیں گے، تاکہ ایک ہی پرواز میں زیادہ سے زیادہ افراد سفر کر سکیں۔

لفتھانزا یورپ کی سب سے بڑی فضائی کمپنی ہے اور دنیا بھر میں اس کے ملازمین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار ہے۔ اس میں سے نصف سے کچھ زائد جرمنی میں تعینات ہیں۔

واضح رہے کہ ابھی گزشتہ دِنوں لفتھانزا اور میونخ ایئرپورٹ نے 2015ء تک ایئرپورٹ پر مسافروں کی گنجائش بڑھانے کے لئے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔ میونخ ایئرپورٹ کی گورننگ باڈی ایف ایم جی اور لفتھانزا کا کہنا تھا کہ اس ہوائی اڈے پر ایک سیٹیلائٹ ٹرمینل بنایا جائے گا، جس سے سالانہ ایک کروڑ 10 لاکھ زیادہ مسافروں کی گنجائش پیدا ہو جائے گی۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں