1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملالہ پر بننے والی بھارتی فلم ’ گل مکئی‘ کا پہلا پوسٹر جاری

صائمہ حیدر
4 ستمبر 2017

لڑکیوں کی تعلیم اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر مبنی بولی ووڈ کی فلم تکمیل کے آخری مراحل میں ہے تاہم اس کا پہلا باقاعدہ پوسٹر سوشل میڈیا کی ایک ویب سائٹ پر شئیر کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2jKd6
Deutschland Mauerkunst Portraits auf Berliner Mauer von Victor Landeta
تصویر: V. Landeta

پرڈیوسر آنند کمار کی پروڈکشن میں ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر مبنی اس فلم میں ملالہ کا کردار بھارتی چائلڈ ایکٹرس ریم شیخ ادا کر رہی ہیں جبکہ فلم اسٹار دیویا دت اور آنجہانی بھارتی اداکار اوم پوری فلم کے نمایاں ستاروں میں ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آنند کمار کا کہنا ہے کہ اوم پوری کی آواز میں ریکارڈ کیا ہوا گانا بھی فلم میں شامل ہے جو اُن کی یادوں کو تازہ کر دے گا۔

چھ سال کی عمر سے اپنے فن کا سفر شروع کرنے والی ریم شیخ بھارتی فلم وزیر میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ فلم گل مکئی کے ہدایتکار امجد ‌خان جب مرکزی کردار کی تلاش میں تھے تو انہیں اس کردار کے لیے ریم شیخ کا خیال آیا۔

ریم شیخ نے دو روز قبل ہی ’گل مکئی‘ کا پہلا فلمی پوسٹر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر شئیر کیا ہے۔ پاکستانی اور بھارتی میڈیا میں اس فلم کے حوالے سے خبریں تو پہلے ہی سے گردش کر رہی تھیں تاہم فلم کا پوسٹر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس کا تذکرہ شروع ہو گیا ہے۔ فلم کے حوالے سے بھارتی میڈیا سے گفتگو کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر بہت دیکھی جا رہی ہے جس میں ریم نے کہا کہ وہ ملالہ کا کردار نبھاتے ہوئے بہت نروس تھیں کیونکہ ملالہ عالمی حیثیت کی حامل شخصیت ہیں۔

 پاکستان کے روزنامہ ڈان اور ایکسپریس ٹریبیون نے بھی ملالہ کی زندگی کے واقعات پر مشتمل اس فلم کے حوالے سے مضامین شائع کیے ہیں۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے فلم کے ریلیز ہونے کے  حوالے سے بے تابی اور خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اس فلم کا کافی عرصے سے انتظار کیا جا رہا ہے۔