1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نازیوں نے یہودیوں کو ملک بدر نہیں کیا، امریکی اٹارنی جنرل

20 جون 2018

امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے دعویٰ کیا ہے کہ ’نازی یہودیوں کو ملک چھوڑنے سے روک‘ رہے تھے۔ گزشتہ دنوں صدر ٹرمپ نے بھی جرمنی میں مہاجرین کی آمد کے بعد جرائم میں اضافے سے متعلق غلط دعویٰ کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2zviz
USA Donald Trump Justizminister Jeff Sessions
تصویر: picture-alliance/dpa/AP/E. Vucci

ٹرمپ انتظامیہ نے دو دنوں میں تین مرتبہ اپنے یورپی اتحادی ملک جرمنی کے بارے میں غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے گمراہ کن بیان جاری کیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جرمن عوام مہاجرین سے خوف زدہ ہیں اور اس کے ساتھ انہوں نے یہ غلط بیانی بھی کی کہ مہاجرین کی آمد کے بعد جرمنی میں جرائم کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سے چند ہی گھنٹوں بعد امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر مہاجر بچوں کو کیمپوں میں رکھے جانے کے امریکی اقدام کا موازنہ نازیوں کے کنسنٹریشن کیمپوں سے کرنا درست نہیں ہے۔ اسی انٹرویو میں انہوں نے یہ گمراہ کن بیان بھی دیا کہ ’نازی یہودیوں کو ملک چھوڑنے سے روک رہے تھے‘۔

گزشتہ ہفتے امریکی وزارت انصاف نے تسلیم کیا تھا کہ غیر قانونی مہاجرت کو روکنے کے لیے طے کردہ نئے ضوابط کے تحت امریکا نے دو ہزار سے زائد بچوں کو ان کے والدین سے جدا کرتے ہوئے میکسیکو اور امریکا کی سرحد پر واقع کیمپوں میں رکھا ہوا ہے۔

نازی دور کا جرمنی اور ٹرمپ کا امریکا

امریکی حکام کی جانب سے مہاجر بچوں کو ان کے والدین سے جدا کیے جانے کے ان اقدامات پر شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ مہاجر بچوں کے لیے بنائے گئے ان کیمپوں سے جو تصویریں منظر عام پر آئیں ان میں تنہا بچوں کو مہیا کردہ ناقص سہولیات واضح نہیں۔ صدر ٹرمپ کی اپنی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت کئی امریکی سیاست دانوں نے ان کیمپوں کا موازنہ جرمنی میں نازی دور میں بنائے گئے کنسنٹریشن کیمپوں سے کیا ہے۔

سی آئی اے کے ایک سابق سربراہ مشائیل ہائیڈن نے آؤشوٹس اور امریکی عارضی کیمپوں کی تصویریں ایک ساتھ ٹوئیٹ کیں۔ بعد ازاں انہوں نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد دونوں جگہوں کی مماثلت منظر عام پر لانا تھا۔

جیف سیشنز نے انہی الزامات کے جواب میں کہا کہ ناقدین صورت حال کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں کیوں کہ ’نازی تو یہودیوں کو ملک چھوڑنے سے روک رہے تھے‘۔ سیشنز کی اس ’وضاحت‘ پر بھی شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

ٹرمپ کا جھوٹا دعویٰ اور میرکل کا جواب

جمعرات کے روز صدر ٹرمپ نے بھی ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ جرمنی میں مہاجرین کی آمد کے بعد سے جرائم کی تعداد میں دس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جرمن حکام یہ اعداد و شمار اس لیے منظر عام پر نہیں لا رہے کیوں کہ انہوں نے مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے۔

تاہم ٹرمپ کا بیان حقیقی صورت حال کے برخلاف ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس جرائم کی تعداد گزشتہ تین دہائیوں میں سب سے کم رہی تھی۔ جرمنی میں غیر ملکیوں کے کردہ جرائم سے متعلق الگ سے اعداد و شمار بھی مرتب کیے گئے ہیں۔ ایسے جرائم کی تعداد میں، جن میں غیر ملکی ملوث پائے گئے، کچھ اضافہ ضرور ہوا لیکن زیادہ تر جرائم کی نوعیت معمولی تھی۔

جرمن چانسلر میرکل نے صد ٹرمپ کے بیان کے جواب میں کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق جرمنی بھر میں جرائم کی تعداد میں دس فیصد کمی ہوئی ہے۔

ش ح / ع س (ایلیزابیتھ شوماخر)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید