1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ولنگٹن: پاکستان پہلا ایک روزہ میچ ہار گیا

عابد حسین
6 جنوری 2018

نیوزی لینڈ کے دورے پر گئی ہوئی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنے دورے کا آغاز میچ ہارنے سے کیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن پاکستان کے خلاف سینچری بنانے میں بھی کامیاب رہے۔

https://p.dw.com/p/2qQa2
Welt T20 Cricket-Turnier zwischen Bangladesch und Neuseeland
تصویر: Getty Images/AFP/D. Sarkar

پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ وہ ابتدا ہی میں اس فیصلے سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکے اور پہلے افتتاحی بیٹسمینوں کی جوڑی اور پھر کپتان ولیمسن نے پاکستانی بالروں کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تیز رفتاری کے ساتھ اسکور میں اضافہ کیا۔

پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ رابطے ممکن نہیں، بھارتی وزیر

سن 2017 پاکستان ميں کرکٹ کے ليے ايک يادگار سال

دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پندرہ رکنی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان

آسٹریلیا نے ایشز کا اعزاز انگلینڈ سے واپس لے لیا

میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔ نیوزی لینیڈ کی جانب سے کین ولیمسن 115 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انہیں اس شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ باؤلنگ میں پاکستان کے صرف حسن علی ہی بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 61 رنٰز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کئی ماہرین کا خیال ہے کہ سرفراز احمد کو ٹاس جیت کر پہلے کھیلنا چاہیے تھا کیونکہ چھ جنوری کو موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بارش ہونے کی محکمہ موسم کی قوی اطلاعات موجود تھیں۔ یہ میچ نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ولنگٹن کے میدان بیسن ریزرو میں کھیلا گیا۔ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ کپتان کے غلط فیصلے اور بعد ازاں ناقص وکٹ کیپنگ کے باعث پاکستانی ٹیم پہلے ایک روز میچ میں شکست کھا گئی۔

بھاری ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی۔ نیوزی لینڈ کے باؤلر ٹم ساؤدی نے پہلے اوور ہی میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا اور محض 13 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔

Neuseeland T20 Cricket Pakistan vs Neuseeland
میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 315 رنز بنائےتصویر: Getty Images/M. Hunter

اکتیسویں اوور میں خراب موسم کی وجہ سے میچ ختم کر دیا گیا۔ ڈک ورتھ لوئیس اصول کے تحت جیتنے کے لیے پاکستان کے اس اوور میں227 رنز پر ہونا چاہیے تھا مگر اُس کا اسکور چھ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 166 تھا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم 61 رنز سے میچ ہاری۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 82 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے تھے۔ اس اسکور میں وہ چار چھکے لگانے میں بھی کامیاب رہے۔ اُن کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ کھلاڑی فہیم اشرف تھے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ آٹھ جنوری کو کھیلا جائے گا۔ یہ میچ نیلسن شہر میں ہو گا۔

سری لنکا پھر پاکستان میں، کچھ پرانی یادیں بس ڈرائیور خلیل کی زبانی