1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وکی پیڈیا بھارت میں اپنی ایک شاخ کھولے گا

29 اکتوبر 2010

وکی پیڈیا کہلانے والے فری انٹرنیٹ انسائیکلوپیڈیا کی مالک کمپنی Wikimedia نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ امریکہ سے باہر اپنا پہلا غیر ملکی دفتر بھارت میں کھولے گی۔

https://p.dw.com/p/PtPO
وکی پیڈیا آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے

اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ بھارت میں انٹرنیٹ کلچر کی سطح پر بہت کھلے پن کی سوچ پائی جاتی ہے اور وکی میڈیا ایک کامیاب ادارے کے طور پر اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کا خواہش مند ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق بھارت کے حوالے سے وکی میڈیا میں وہاں اپنا پہلا غیر ملکی دفتر کھولنے سے متعلق کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ اس کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ دنیا میں آبادی کے لحاظ سے اس دوسرے سب سے بڑے ملک میں Wikipedia کے لئے لکھنے والوں کی برادری بھی بہت بڑی ہے۔

وکی میڈیا گروپ کے اس فیصلے کے بارے میں آج جمعے کو اس کمپنی کے چیف گوبل بزنس آفیسر Barry Newstead نے اپنے ایک ای میل پیغام میں کہا کہ بھارتی باشندوں میں اس بارے میں بہت زیادہ لگن پائی جاتی ہے کہ ہر انسان کو معلومات کی مفت فراہمی تک رسائی حاصل ہونی چاہئے۔

Screenshot Wikipedia
وکی پیڈیا کا قیام 2001 میں عمل میں آیا تھا

Barry Newstead نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اس معاملے میں بھارتی عوام کی کافی زیادہ مدد کر سکیں گے۔ ان کے بقول دنیا میں ہر انسان کے لئے یہ ممکن ہونا چاہئے کہ اسے ہرطرح کی معلومات بلاقیمت میسر ہوں۔ بھارت میں وکی پیڈیا کی شاخ کھولنے کا وکی میڈیا کا فیصلہ ایک ایسی مجوزہ سرمایہ کاری ہے، جو اس ملک میں بغیر کسی منافع کے کام کرنے والے کسی گروپ کی طرف سے پہلی سرمایہ کاری ہوگی۔

وکی پیڈیا ایسا آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے، جہاں سے حاصل ہونے والی ہر قسم کی معلومات خود اس کے استعمال کرنے والے صارفین ہی کی مہیا کردہ ہوتی ہیں۔

بیری نیوسٹیڈ کے مطابق وکی میڈیا بھارت میں ابھی اپنے لئے کسی مناسب جگہ کی تلاش میں ہے۔ امکان ہے کہ امریکہ سے باہر دنیا میں کہیں بھی وکی پیڈیا کا یہ پہلا دفتر اگلے چند مہینوں میں اپنا کام شروع کر دے گا۔

اسی سلسلے میں وکی میڈیا کے بانیوں میں سے ایک جمی ویلز آئندہ اتوار کو بھارت کے تجارتی دارالحکومت ممبئی جائیں گے، جہاں وہ ایک اجلاس میں یہ تفصیلات بتائیں گے کہ بھارت میں وکی میڈیا کی حکمت عملی کیا ہوگی۔

شروع میں بھارت میں وکی میڈیا کے اس دفتر میں عملے کے ارکان کی تعداد چار تک ہو گی، جو اس ویب سائٹ کے لئے لکھنے والے بھارتی صارفین کے ساتھ مربوط طور پر کام کریں گے۔

وکی پیڈیا کا قیام 2001 میں عمل میں آیا تھا اور اس سال جنوری میں ماہانہ بنیادوں پر اس کے آن لائن وزیٹرز کی تعداد تقریباﹰ 78 ملین ہو چکی ہے۔ وکی پیڈیا کے لئے باقاعدگی سے لکھنے والے صارفین کی تعداد 91 ہزار سے زیادہ ہے، جو 16 ملین سے زائد مضامین پر دنیا کی 270 سے زائد زبانوں میں کام کرتے ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک