1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویلنگٹن ٹیسٹ برابر، سیریز پاکستان کے نام

19 جنوری 2011

نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ بغیرکسی نتیجے پر ختم ہوگیا۔ اس طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم 5 سال بعد کوئی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/zzVv
مصباح الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیاتصویر: AP

ویلنگٹن ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستانی ٹیم کو شروع میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور صرف بیالیس کے اسکور پر اس کے تین کھلاڑی توفیق عمر صفر، اظہرعلی دس اور محمد حفیظ بتیس رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔ کھیل کے آخری دوسیشنز میں پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور یوں لگتا تھا کہ پاکستانی ٹیم یہ میچ جیتنے کی کوشش ہی نہیں کر رہی۔ شاید پاکستانی ٹیم نے میچ کو ڈرا کرنے کی حکمت عملی اپنا رکھی تھی۔ کھیل ختم ہونے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دوسری اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 226 رنز بنائے تھے۔

Cricket Test Series zwischen Indien und Neuseeland 2
نیوزی لینڈ نے ڈینیئل ویٹوری کی سنچری کی بدولت 356 رنز بنائے تھےتصویر: AP

یونس خان پہلی اننگز کی طرح آخری اوور میں اکیاسی رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے مصباح الحق کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ پر 118رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ مصباح الحق نے مسلسل چھٹی نصف سینچری مکمل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ وہ ستر کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ مصباح الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ یونس اور مصباح کی شراکت میں ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ شاید چائے کے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم میچ جیتنے کی کوشش کرے۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں ڈینیئل ویٹوری کی سنچری کی بدولت 356 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 374 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ نے دو سو ترانوے رن بنا کر فتح کے لیے پاکستان کو نوے اوورز میں 274 رنز کا ہدف فراہم کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ولیم سن ساؤتھی اور کرس مارٹن نے دو، دو اور ڈینیئل ویٹوری نے ایک وکٹ لی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین چھ ایک روزہ میچوں کا پہلا میچ 22 جنوری کو ویلنگٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں