1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ویمن فٹ بال ورلڈ کا فائنل، جاپان اور امریکہ کے مابین

14 جولائی 2011

خواتین فٹ بال کا عالمی کپ اپنے اختتامی راؤنڈ میں پہنچ گیا ہے۔ 17جولائی کو فائنل میچ میں امریکہ اور جاپان آمنے سامنے ہوں گے۔ جاپان کی ویمن ٹیم پہلی مرتبہ عالمی کپ مقابلوں کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/11urt
جاپان اور سویڈن کے میچ کا ایک منظرتصویر: dapd

ویمن فٹ بال کے عالمی کپ میں گزشتہ روز دونوں سیمی فائنل کھیلے گئے۔ پہلے سیمی فائنل میں امریکہ نے فرانس کو ایک دلچپسپ مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جاپان نےسویڈن کو ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے ہرایا۔ جاپان کی جیت کے ساتھ عالمی کپ کے ایشیا میں آنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ فرینکفرٹ میں کھیلے گئے میچ میں پہلے برتری سویڈن نے حاصل کی۔ جوزیفین ایکوسٹ نے کھیل کے دسویں منٹ میں گول کیا۔ جاپان کی اسٹرائکر ناہومی کاواسومی نے 19 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے میچ کو برابر کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔

Frauen-Fußball-WM 2011 Halbfinale Frankreich - USA
امریکہ اور فرانس کے خلاف کھیلے گئے میچ کا ایک منظرتصویر: dapd

دوسرے ہاف میں کھیل پر جاپان کی برتری نمایاں تھی اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ سویڈن کی کھلاڑیوں میں جیتنے کی امید کم ہو گئی ہے۔ اس دوران جاپان کی جانب سے کئی ناکام حملے کیے گئے۔ تاہم کھیل کے 60 ویں منٹ میں کپتان ہومارے ساوا نے گول کرتے ہوئے گولوں کے فرق میں ایک کا اضافہ کر دیا۔ یہ ٹورنامنٹ میں ان کا چوتھا گول تھا۔ چار منٹ بعد ہی یعنی کھیل کے 64 منٹ میں ناہومی کاواسومی نے اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے میچ کو مکمل طور پر جاپان کے حق میں کر دیا۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جاپان کی ٹیم ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ پائی ہے۔

اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں امریکہ نے فرانس کو ایک کے مقابلے میں تین گولوں سے شکست دی۔ مؤنشن گلاڈ باخ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں امریکہ کی جانب سے 9ویں منٹ میں لورن چینی نے، 79 ویں منٹ میں ایبی ومباخ نے جبکہ ایلکس مورگن نے 82 ویں منٹ میں گول کیے۔ فرانس کی جانب سے میچ کا واحد گول 55 ویں منٹ میں سونیا بومپاسٹر نے کیا۔ اب سترہ جولائی اتوار کے دن کو خواتین کی فٹ بال رینکنگ کی عالمی نمبر ایک کا مقابلہ عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر کی ٹیم جاپان سے ہوگا۔ امریکہ کی خواتین کی ٹیم تین مرتبہ اولمپک ٹائٹل بھی جیت چکی ہے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں