1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان ایئرفورس کے دو جہاز ٹکرا گئے، چار پائلٹ ہلاک

Afsar Awan17 مئی 2012

پاکستان ایئرفورس کے دو جہاز فضا میں ٹکرانے کے باعث تباہ ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں ان پر سوار چاروں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ مقامی پولیس کے مطابق تربیتی پرواز کے دوران یہ دونوں طیارے شمال مغربی علاقے میں حادثے کا شکار ہوئے۔

https://p.dw.com/p/14wvQ
تصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حادثے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق رشکئی کے علاقے میں ٹکرانے کے بعد دو سیٹوں والا ایک مشاق طیارہ ایک گھر پر جا گرا، جس سے ایک لڑکی اور ایک عمر رسیدہ شخص زخمی بھی ہوا، جبکہ دوسرا طیارہ ایک کھیت میں گرا۔

ضلعی پولیس افسر محمد حسین نے اے ایف پی کو بتایا: ’’ پاکستان ایئرفورس کے دو تربیتی جہاز فضا میں ٹکرا گئے۔ چار پائلٹس ہلاک ہوئے۔ ان میں سے دو زیر تربیت پائلٹ تھے اور انسٹرکٹرز۔‘‘

پاکستان ایئرفورس کے پاس امریکی F-16 طیارے بھی موجود ہیں
پاکستان ایئرفورس کے پاس امریکی F-16 طیارے بھی موجود ہیںتصویر: AP

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ایک مقامی پولیس افسر اسحاق خان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک جہاز کا ملبہ ایک کمپاؤنڈ پر گِرا جس سے نو افراد زخمی ہوئے۔

پاکستان ایئرفورس کے ونگ کمانڈر مشکور حسین نے اس حادثے اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے ڈی پی اے کو بتایا کہ فوری طور پر دونوں جہازوں کے ٹکرانے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

گزشتہ ہفتے پاکستان ایئرفورس کا ایک جیٹ جہاز صوبہ سندھ کے علاقے سومیانی میں گِر کر تباہ ہو گیا تھا، تاہم اس کا پائلٹ جہاز سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ گزشتہ برس دسمبر میں بلوچستان میں ایک تربیتی جہاز گر کر تباہ ہوا جس میں سوار دونوں پائلٹس ہلاک ہو گئے تھے۔

پاکستان ایئرفورس کے پاس اس وقت چینی F-7PG اور A-5، امریکی F-16 اور فرانسیسی ساختہ میراج طیاروں پر مشتمل فلیِٹ موجود ہے۔ حال ہی میں پاکستان اور چین کے باہمی تعاون سے تیار ہونے والے JF-17 تھنڈر جیٹ طیارے بھی پاکستان ایئرفورس میں شامل کیے گئے ہیں۔

aba/aa (dpa, AFP)