1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سے نیٹو ٹرک افغانستان پہنچنا شروع ہو گئے

6 جولائی 2012

سات ماہ میں پہلی مرتبہ جمعرات کے روز پاکستان کے راستے نیٹو سپلائی ٹرک افغانستان میں داخل ہوئے۔ امریکا کی جانب سے سلالہ حملے پر ’معذرت‘ کے بعد پاکستان نے نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کا اعلان کیا۔

https://p.dw.com/p/15S7h
تصویر: Reuters

گزشت برس نومبر میں قبائلی علاقے سلالہ میں فوجی چوکیوں پر امریکی ہیلی کاپٹروں کے حملے میں 24 پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان نے افغانستان کے لیے نیٹو سپلائی روٹ کی بندش کے اعلان کے ساتھ ساتھ امریکا سے شمسی ائیر بیس خالی کرا لیا تھا۔ اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہو گیا تھا۔

کراچی کی بندرگاہ سے بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے راستے افغانستان کے لیے رسد کی سپلائی کی بندش کے بعد ہزاروں ٹرک حکومتی اجازت کے منتظر پاکستان کے مختلف علاقوں میں کھڑے تھے۔ سپلائی روٹ کی بندش کے اعلان کے بعد رسد کی فراہمی سے منسلک ہزاروں افراد کو سخت معاشی مسائل کا سامنا تھا۔ نیٹو سپلائی ٹرکوں پر طالبان عسکریت پسندوں کے مسلسل حملوں کے باوجود یہ ڈرائیور اور دیگر افراد معاشی مجبوریوں کی وجہ سے ان ٹرکوں کے ذریعے افغانستان تک رسد کی فراہمی کا کام سرانجام دیتے ہیں۔

Pakistan Afghanistan Nachschubroute für NATO geöffnet Grenze
نیٹو سپلائی لائن دوبارہ کھول دی گئی ہےتصویر: dapd

تاہم حکومتی فیصلے پر پاکستان کے متعدد حلقوں میں سخت احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ سپلائی لائن کھولنے کے لیے پارلیمان کی تجاویز میں واضح طور پر مطالبہ کیا گیا تھا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملے بند ہونا چاہیں اور اس رسد کی فراہمی کے لیے راہداری فیس بڑھائی جانی چاہیے۔ پاکستان کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ امریکا فی ٹرک پانچ ہزار ڈالر ادا کرے جب کہ اس وقت پاکستان کو ڈھائی سو ڈالر فی ٹرک معاوضہ ادا کیا جاتا ہے۔

نیٹو سپلائی روٹ کی بندش کی وجہ سے پاکستان کو شدید بین الاقوامی دباؤ کا سامنا تھا جبکہ پاکستان کی اپوزیشن جماعتیں اس سپلائی روٹ کی بندش کے لیے پارلیمانی سفارشات پر عمل درآمد کے مطالبات کر رہی ہیں۔

ادھر امریکا میں صدر باراک اوباما کو انتخابی مہم کے دوران ریپبلکن جماعت کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ واشنگٹن انتظامیہ نے سلالہ حملے پر پاکستان سے معذرت کیوں کی۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے نیٹو سپلائی روٹ کی بندش کی وجہ سے امریکا کو متبادل سپلائی روٹ کے لیے وسطی ایشیا کا ایک طویل اور مہنگا راستہ استعمال کرنا پڑ رہا تھا۔

at / sks (Reuters, AP)