1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں ڈاکٹر روتھ فاؤ کے نام پر یادگاری سکّہ جاری

بینش جاوید
9 مئی 2018

پاکستان کے اسٹیٹ بینک نے  جذام کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے اپنی زندگی وقف کر دینے والی جرمن ڈاکٹر روتھ فاؤ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُن کے نام پر پچاس روپے کا خصوصی سکّہ جاری کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2xQLz
Pakistanische Gedenkmünze für Ruth Pfao
تصویر: State Bank of Pakistan

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں منعقد ایک تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے سکّے کے اجراء کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک  نے کہا کہ روتھ فاؤ نے اپنی زندگی جذام کے مرض میں مبتلا افراد کے لیے وقف کر دی تھی اور ان کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوا تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا،’’ پاکستان کی حکومت اور عوام نے ڈاکٹر روتھ فاؤ کی زندگی میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ انہیں ہلال امتیاز، نشان قائد اعظم اور ہلال پاکستان جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔‘‘

 طارق باجوہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی شخص کے نام پر یادگاری سکّہ جاری کرنا بہت ہی نایاب خراج عقیدت ہے۔ ماضی میں قائداعظم، علامہ محمد اقبال، فاطمہ جناح اور عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات کے ناموں پر سکّے جاری کیے جا چکے ہیں۔

جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے بھی ڈاکٹر فاؤ کی خدمات کا اعتراف کیا اور انہیں خراج عقیدت دینے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ کوبلر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاؤ حقیقی معنوں میں جرمن سفیر تھیں اور دونوں ممالک میں رابطے کا بہترین ذریعہ تھیں۔

Dr. Ruth Pfau, Lepra-Ärztin
سکّے کی ایک جانب ڈاکٹر روتھ فاؤ کا خاکہ بنایا گیا ہےتصویر: DAHW/Meyer-Porzky

 پاکستان کے سرکاری مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں لکھا گیا ہے کہ اس یادگاری سکّے میں 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل شامل ہے۔ سکّے کا کل وزن 13.5 گرام ہے۔ سکّے کی ایک جانب ڈاکٹر روتھ فاؤ کا خاکہ بنایا گیا ہے اور ان کا نام ڈاکٹر روتھ فاؤ لکھا ہوا ہے۔ اور ان کی زندگی کا عرصہ 2017-1929  درج ہے۔