1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے آزادی کپ جیت لیا

عاصمہ کنڈی
16 ستمبر 2017

پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار انداز میں ورلڈ الیون کو تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں تینتیس رنز سے ہرا کر لاہور میں آزادی کپ جیت لیا۔ احمد شہزاد کو دھواں دھار نواسی رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/2k5Sd
Pakistan Cricket
تصویر: DW/T. Saeed

تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے قذافی اسٹیڈیم  میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ پر ایک 183رنز بنائے۔ جواب میں ورلڈ الیون پاکستانی باؤلنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے مقررہ بیس اوور ز میں 150 سے آگے نہ بڑھ سکی اور یوں سیریز 1-2سے ہار گئی۔

احمد شہزاد کا ریکارڈ بابراعظم کا عالمی ریکارڈ

 احمد شہزاد پہلے دو میچوں میں مورنی مورکل کے سامنے بتیس دانتوں میں زبان کی طرح کھیلے تھے لیکن جمعہ کی شام احمد نے مورکل کی پہلی دو گیندوں کو مڈ وکٹ کا راستہ دکھا کر اپنی جارحانہ جدو جہد شروع کی۔

مورکل جب سترویں اوور میں دوسرے اسپیل میں آئے تو شہزاد نے انکی پہلی تین گیندوں کو باؤنڈری کے باہر پہنچایا لیکن اصل تماشا اگلے اوور میں ہونا تھا جو پویلین اینڈی سے آسٹریلوی باولر بین کٹنگ نے کیا۔ احمد نے کٹنگ کو تین لگاتار چھکے لگائے وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے ٹونٹی ٹونٹی انٹرنینشل کرکٹ میں پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

اس میچ میں احمد اور بابر اعظم کے درمیان دوسری وکٹ کے لئے 102 رنز بنے جو سیریز میں انکا دوسرا سینچری اسٹینڈ تھا۔ بابر اعظم نے نے 5چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے لیکن انکی اسٹرائک سے ہٹنے کی صلاحیت نے سب کو حیران کر دیا۔ بابر نے ایک موقع پر لگاتار تیس گیندوں میں رنز بنا کر لگاتار گیندوں میں رنز بنانے کا ٹونٹی ٹونٹی میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ اس سے قبل بھارت کے روہت شرما نے لگاتار 26 گیندوں پر رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

میچ کے بعد ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بابر اعظم اب ایک ورلڈ کلاس بیٹسمین بن چکے ہیں۔ انہوں نے اس مقام تک پہنچنے کے لئے سخت محنت کی ہے۔

رومان پرور پاکستانی باؤلنگ      

 پاکستانی باؤلرز نے اس مقابلے میں پھر خود کو دنیا کا بہترین باؤلنگ اٹیک ثابت کیا۔ عثمان شنواری نے پچھلے میچ کی ناکامی کی تلافی تمیم اقبال کو بولڈ کرکے کی لیکن اصل باؤلنگ ہیروز حسن علی اور رومان رئیس تھے۔ رومان رئیس جنہوں نے سیریز شروع ہونے سے صرف تین روز پہلے اپنے سر پر کراچی میں سہرا سجایا تھا اپنے کوٹے کے چار اوورز میں صرف بیس رنز دیے، شاداب خان کے ایک اوور تین چھکے اور چوکا لگانے والے تیسارا پریرا کی وکٹ پر رومان کی سرشاری انکے ہنی مون کا ہی حصہ لگی۔

Pakistan Karachi Sarfraz Ahmad
تصویر: Getty Images/AFP/R. Tabassum

 رومان اور حسن علی دونوں نے ڈیتھ اوورز میں ڈیرن سیمی اور ڈیوڈ ملر جیسے مایہ ناز ہٹرز کی اپنے یارکر پر ایک نہ چلنے دی۔ حسن علی جب بھی ایف سی کالج  اینڈ سے گیند کرنے بھاگتے تماشائیوں کی تالیوں اور شور کی گونج انکے ساتھ ہی بیٹسمین تک پہنچتی۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے میچ کے بعد بتایا کہ  مجمع حسن علی کے حوصلے بڑھاتا رہا یہ چیز وسیم وقار اور شعیب کے زمانے میں دیکھنے کو ملتی تھی۔

پاکستانی فیلڈنگ کے کمالات            

پاکستانی فیلڈرز نے دوسرا میچ اپنی خراب فیلڈنگ کے باعث ہارا تھا لیکن اس فیصلہ کن معرکہ آرائی میں پاکستانی فیلڈنگ اپنے جوبن پر لگی۔ وہ میچ کا بہترین لمحہ تھا جب شاداب خان نے کور پوزیشن پر پہلے ڈائیو کرکے کپتان ڈوپلیسی کا شاٹ روکا اور پھر اسی ایکشن میں  انہیں رن آوٹ کر دیا۔ بابر اعظم کی براہ راست تھرو کا نشانہ مورکل تھے جبکہ اس سے پہلے فخر زمان نے جب ہاشم آملہ کو رن آؤٹ کیا تو ورلڈ الیون کی بیٹنگ کا سارا دم خم وہیں ختم ہو گیا۔

 ڈوپلیسی نے میچ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ جونٹی روڈز کے انضمام کو رن آوٹ کرنے والی تصویر   بچپن میں انکے کمرے میں لگی رہتی تھی لیکن جو کچھ شاداب نے انکے ساتھ کیا اس پر وہ حیرت زدہ رہ گئے۔  پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ فٹنس کا معیار بہتر ہونے سے پاکستان کی فیلڈنگ بھی بہتر ہوئی ہے۔

قذافی اسٹڈیم کا جنون لوٹ آیا          

اس میچ میں تماشائی گھنٹوں لمبی لمبی قطاروں میں لگے رہنے کے بعد اسٹڈیم پہنچے تھے۔ 27 ہزار کا مجمع ہر ہر لمحے سے محظوظ ہوتا رہا۔ اننگز کے وقفے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے کھلاڑیوں مصباح الحق اور شاہد آفریدی نے رنگیلے رکشوں میں بیٹھ کر اسٹڈیم کا چکر لگایا۔ دونوں نے قومی لباس پہن رکھا تھا۔ اس میچ میں ڈیرن سیمی کی شرکت نے بھی رونقوں میں اضافہ کیا جو پاکستانی شائقین میں بے حد مقبول ہیں۔

 ڈیرن سیمی کے ہر ایکشن پر گراونڈ کے ساونڈ سسٹم پر راحت فتح علی خان کا گانا آفرین آفرین لگا دیا جاتا جس پر ویسٹ انڈین کے ساتھ انکے لاہوری  پرستار بھی جھومنے لگتے ۔ میچ کے بعد ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں نے گراونڈ کا چکر لگایا اور داد سمیٹی۔ کوچ اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ پاکستان نے صحیح سمت میں قدم اٹھا لیا ہے۔ اس دورے نے ثابت کر دیا کہ کرکٹ سرحدوں سے ماروا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا وہ اس دورے کی داستانیں دنیائے کرکٹ کو سنائیں گے تاکہ مزید آگے بڑھا جا سکے۔

Asma Kundi
عاصمہ کنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی عاصمہ کنڈی نے ابلاغیات کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔