1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو کلین سویپ کر دیا

27 جولائی 2023

مہمان ٹیم نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں ایک اننگز اور دو سو بائیس رنز کی برتری سے فتح حاصل کی۔ عبداللہ شفیق کی ڈبل سینچری اور نعمان علی کی سات وکٹوں نے پاکستان کو ناقابل شکست بنا دیا۔

https://p.dw.com/p/4UTyg
Cricket I  Pakistan Vs Sri Lanka
تصویر: Ishara S. Kodikara/AFP

پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور دو سو بائیس رنز سے شکت دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ جمعرات ستائیس جولائی کو چوتھے روز ہی ختم ہو جانے والے اور کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے سب سے نمایاں پہلوؤں میں نوجوان پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کی ڈبل سینچری اور اسپنر نعمان علی کی طرف سے سات وکٹوں کا حصول بھی شامل تھا۔

پاکستان نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر پانچ سو چھہتر رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ اس کے جواب میں اپنی دوسری اننگز میں سری لنکا کی ساری ٹیم کھیل کے چوتھے روز ہی ایک سو اٹھاسی رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ حریف ٹیم کی پہلی سات وکٹیں نعمان علی جبکہ باقی تین فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے حاصل کیں۔

Cricket I  Pakistan Vs Sri Lanka
نعمان علی نے سری لنکا کے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیاتصویر: Ishara S. Kodikara/AFP

دوسرے ٹیسٹ میں عبدا للہ شفیق پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ یعنی دوسو ایک اسکور کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ آغا سلمان ایک سو بتیس رنز کے ساتھ جبکہ ان کے ساتھ پارٹنرشپ کرنے والے محمد رضوان سڑسٹھ گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کر کے ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے پچیس اووروں میں ایک سو تینتیس رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ پرابھاتھ جے سوریا نے تریپن اووروں میں ایک سو ترانوے رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے اوپنرز نے انہتر رنز کی پارٹنرشپ کے ساتھ ایک مضبوط آغاز کیا۔ پھر بائیں بازو کے اسپنر نعمان نے اپنی پہلی گیند پر ہی مدوشکا کو 33 رنز پر بولڈ کر دیا۔ کرونارتنے لنچ کے بعد 41 رنز پر نعمان کا شکار بنے اور پھر نعمان نے جلد ہی  مینڈس اور دنیش چندیمل کو بھی واپس پویلین واپس بھجوا دیا۔

Cricket I  Pakistan Vs Sri Lanka
سری لنکا کے نشان مدوشکاتصویر: Ishara S. Kodikara/AFP

دھننجایا ڈی سلوا نے کریز پر اپنے مختصر قیام میں میتھیوز کے ساتھ مل کر مزاحمت کرنے کی کوشش کی۔ تاہم ڈی سلوا صرف دس رنز بنا کر لانگ آن پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس ٹیسٹ میں سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 166 کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ش ر / م م (اے ایف پی، او پی ٹی اے)