1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی صوبہ بلوچستان میں گیس پائپ لائن تباہ

8 فروری 2011

پاکستان میں قدرتی گیس فراہم کرنے والی کمپنی کے ترجمان کے مطابق بلوچستان کو گیس فراہم کرنے والی دو اہم پائپ لائنوں کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے جس کے بعد ملک کے جنوب مغربی علاقوں کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/10DFO
تصویر: AP

سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان عنایت اللہ اسماعیل کا کہنا ہے کہ دونوں پائپ لائنوں کو منگل کی صبح تباہ کر دیا گیا جس کے باعث شکارپور سے کوئٹہ اور صوبہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ان لائنوں کی مرمت میں تین دن لگ سکتے ہیں، جبکہ پورے صوبے کو آج رات تک گیس کی سپلائی معطل رہ سکتی ہے۔ دھماکے کے باعث صوبے کے صعنتی علاقوں اور سی این جی اسٹیشنوں کو دی جانے والی گیس کی ترسیل بھی روک دی گئی ہے۔

Flash-Galerie Ölpest Eindämmung
بلوچستان کو گیس کی سپلائی تین دن تک معطل رہ سکتی ہےتصویر: AP

پاکستان پہلے ہی قدرتی گیس کی کمی کے مسئلے کا سامنا کر رہا ہے جس کے باعث عوام سردی کے موسم میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور اپنے گھروں کو گرم رکھنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔

ادھر اس واقعے کی ذمہ داری کا شبہ علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی پر ظاہر کیا جا رہا ہے جو ماضی میں بھی گیس پائپ لائنوں، ریلوے ٹریکس اور بجلی کے کھمبوں کو تباہ کرنے کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اقرار کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان نہ صرف پورے ملک کو گیس فراہم کرنے والا سب سے بڑا صوبہ ہے بلکہ دنیا کے سب سے بڑے تانبے کے ذخائر بھی اسی صوبے میں پائے جاتے ہیں تاہم ملک کا یہ صوبہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت سے اندرونی یورش کا شکار ہے۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں