1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پستوریئس نے گرل فرینڈ کے قتل کا الزام مسترد کر دیا

16 فروری 2013

جنوبی افریقہ کے پیرالمپک اسٹار آسکر پِستوریئس نے اپنی گَرل فرینڈ ریواسٹینکامپ کے قتل کا الزام مسترد کر دیا ہے۔ جمعے کو عدالتی پیش کے موقع پر ان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی، جس پر وہ رو پڑے۔

https://p.dw.com/p/17fGr
تصویر: picture alliance/AP Photo

پستوریئس کی مینیجمنٹ کمپنی اور ان کے خاندان کے افراد کے مطابق اس عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی گرل فرینڈ کو قتل نہیں کیا۔ یہ بیان لندن سے جاری کیا گیا جس کے مطابق 26 سالہ پِستوریئس ریوا کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

قبل ازیں جمعے کو ہی انہیں پریٹوریا کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان پر قتل کے الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی تو وہ رو دیے۔ جج ڈیسمنڈ نیئر کا کہنا تھا کہ ان پر ’قتلِ عمد‘ کا الزام ہے۔ انہوں نے وکیل صفائی کو تیاری کے لیے مزید وقت دینے کی غرض سے ضمانت کی درخواست پر سماعت منگل تک ملتوی کرنے کا اعلان بھی کیا۔

جمعے کی سماعت کے موقع پر پستوریئس کے والد اور بہن سمیت کمرہ عدالت میں ایک سو سے زائد افراد موجود تھے۔

جنوبی افریقہ کے اس ’بلیڈ رنر‘ پستوریئس پر الزام ہے کہ انہوں نے ویلنٹائنز کے روز اپنی گرل فرینڈ ماڈل ریوا اسٹینکامپ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

Südafrika Sport Oscar Pistorius mit Freundlin Reeva Steenkamp
پستوریئس اور ریواسٹینکامپتصویر: Reuters

وہ دونوں ٹانگوں سے محروم ہیں، تاہم اولمپک اور پیرالمپک مقابلوں میں شرکت کی وجہ سے ورلڈ ایتھلیکٹس میں نمایاں نام رکھتے ہیں۔ اسی وجہ سے جنوبی افریقہ کے عوام انہیں ہیرو تصور کرتے ہیں، تاہم ان کی گرفتاری نے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔

ریوا کے قتل سے متعلق ابھی تک زیادہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم جنوبی افریقہ کے ذرائع ابلاغ میں جمعے کو یہ بات سامنے آئی کی ان پر گولی باتھ روم کے دروازے سے چلائی گئی تھی۔ پولیس نے اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کی ہے اور قبل ازیں سامنے آنے والی ان رپورٹوں کو بھی اہمیت نہیں دی جن میں امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ پستوریئس نے ریوا پر اس غلط فہمی میں گولی چلائی کے ان کے گھر میں کوئی گھس آیا ہے۔

جمعرات کو پولیس کی ترجمان بریگیڈیئر ڈینس بیوکیس نے کہا تھا کہ جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والی گَن پستوریئس کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 9mm اس پستول کا لائسنس پستوریئس کے نام ہے۔ پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ریوا کو چار گولیاں لگیں اور ن کے ہاتھ اور سر پر زخم پائے گئے۔

ng/ab (AFP, Reuters, dpa)