1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پشاور میں پے در پے بم دھماکے، 11 افراد ہلاک

28 مئی 2009

صوبہ سرحد کے دارالحکومت پشاور میں مختلف اہداف پر کئے جانے والے بم دھماکوں اور خود کُش حملوں میں کم از کم گیارہ ا فراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/HzUV
پشاور شہر میں اس سے قبل بھی پرہجوم بازاروں میں بم حملے کئے جا تے رہے ہیںتصویر: AP

یہ واقعات تحریک پاکستان طالبان کی جانب سے لاہور حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے چند ہی گھنٹے بعد پیش آئے۔ دھماکے کے وجہ سے قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور آس پاس کھڑی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔

مقامی پولیس کے ایک افسر محمد انیس نے میڈیاکو بتایا کہ یہ دو دھماکے تھے جن میں کچھ لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ بم دھماکے پشاور کے مصروف علاقے قصہ خوانی کباڑی بازار میں ہوئے۔

علاقے کے ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ انہوں نے پندرہ کے قریب افراد کو زخمی حالت میں جائے حادثہ پر دیکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔

زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق اب تک پانچ افراد کی لاشیں ہسپتال میں پہنچائی جا چکی ہیں جب کہ اس حملے میں تیس افراد زخمی ہو ئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پشاور کے بارونق علاقوں میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں کے بعد پولیس کی ایک چوکی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو حملہ آوروں کے بھی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔