1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کمشنر راولپنڈی کا آٹھ فروری کے الیکشن میں دھاندلی کا دعویٰ

17 فروری 2024

الیکشن کمیشن نے کسی بھی قسم کی دھاندلی میں ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کی جلد تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے آج ملک گیر احتجاج کی کال پر مختلف شہروں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/4cWCV
Pakistan | Wahlen 2024
تصویر: Muhammad Reza/Anadolu/picture alliance

الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار کی جانب سے آٹھ فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے الزامات کی جلد تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ہفتے کے روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق الیکشن کمیشن کے کسی عہدیدار نے انتخابی نتائج کی تبدیلی کے لیے کمشنر راولپنڈی کو کبھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔

 الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ تردید کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے اس بیان کے بعد جاری کی گئی، جس میں انہوں نے الیکشن کمشن پر آٹھ فروری کے انتخابات میں دھاندلی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے خود بھی اعتراف جرم کیا۔

Pakistan Wahlen
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دھاندلی کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہےتصویر: FAROOQ NAEEM/AFP/Getty Images

راولپنڈٰی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت چٹھہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ڈویژن کے '' تیرہ ایم این اے، جو ستر ستر ہزار کی لیڈ سے ہارے ہوئے تھے، جعلی مہریں لگا کر انہیں جتوا کا بڑا کھلواڑ کیا گیا۔

اس سرکاری افسر کا کہنا تھا کہ احساس جرم کے سبب وہ اپنے عہدے اور سرکاری ملازمت سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیے جرم کی پاداش میں خود کو پولیس کے حوالے کرتے ہیں، ''مجھے اس کی بھرپور طریقے سے سزا ملنی چاہیے۔‘‘

پی ٹی آئی کا ملک گیر دھاندلی کے خلاف احتجاج

یہ پیش رفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے، جب پاکستان تحریک انصاف نے آٹھ فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہفتے کے روز ملک گیر احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔

اس موقع پر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر اہم شہروں میں سکیورٹی سخت کی گئی ہے۔ دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ شہر میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کی گئی۔

Pakistan | Wahl PTI feiert
پی ٹی آئی کی قیادت نے اپنے کارکنان کو ہفتے کے روز دھاندلی کے خلاف احتجاج میں کھل کر شرکت کرنے کی ہدایت کر رکھی ہےتصویر: Abdul Majeed/AFP

نو آبادیاتی دور کی اس دفعہ کا مقصد عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرنا ہے۔ اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس میں قائم انسداد دہشت گردی یونٹ کے خصوصی دستے شہر میں گشت کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے مختلف شہروں میں احتجاج کے لیے منتخب مقامات کی فہرستیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے بعد اپنے حامیوں سے احتجاج میں بھر پور شرکت کے لیے کہا گیا ہے۔

ش ر ⁄ ع ت (خبر رساں ادارے)