1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کوسووو کے تشخص پر عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ آج

22 جولائی 2010

سیربیا کی جانب سے کوسووو پر ایڈوائزری رائے مانگنے کے حوالے سے دائر اپیل پر فیصلہ عدالت آج سنا رہی ہے۔ ماہرین اس فیصلے کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/ORDM
تصویر: picture-alliance/ dpa

عالمی عدالت انصاف کی جانب سے کوسووو کے تشخص پر دیا جانے والا فیصلہ پابندی سے مبرا ہے۔ اس فیصلے کی بنیاد اخلاقیات پر ہوگی۔ کسی بھی ملک بشمول کوسووو اور سیربیا کے لئے اسے تسلیم کرنا لازمی نہیں ہے۔ اگر عالمی عدالت انصاف کوسووو کے حق میں فیصلہ دیتی ہے اور سیربیا کی حکومت کوسووو کی آزادی کو تسلیم کر لیتی ہے تو اس کے لئے یورپی یونین میں شمولیت کی سب سے بڑی رکاوٹ خود بخود ختم ہو جائے گی۔ کوسووو کے حق میں فیصلے کے بعد کئی اور ملکوں کی جانب سے تسلیم کرنے کا اعلان یقینی طور پر سامنے آئے گا۔

اگر عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ سیربیا کے حق میں گیا تو کوسووو کو یقینی طور پر بلغراد حکومت کے ساتھ بات چیت کے نئے دور کو شروع کرنا ہو گا۔ کوسووو میں بیس لاکھ البانوی آبادی اور ایک لاکھ بیس ہزار سرب لوگ علیحٰدہ علیحٰدہ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ فیصلے کی کوئی بھی صورت ہو فریقین کو اس تقسیم کو ختم کرنے کے لئے بات چیت کے عمل کو مثبت سوچ کے ساتھ شروع کرنا ہو گا۔ سیربیا نے ابھی تک کوسووو کو تسلیم نہیں کیا۔

کوسوووکو اب تک دنیا کے 69 ملک تسلیم کر چکے ہیں۔ ان میں یورپی ملکوں کے ساتھ ساتھ امریکہ بھی شامل ہے۔ روس چونکہ سیربیا کا حلیف ہے تو اس نے سیربیا کے ساتھ کوسووو کی آزادی کو ابھی تک تسلیم نہیں کیا۔ کوسووو نے فروری 2008 میں اپنی آزادی کا اعلان کردیا تھا۔ کوسووو کو یقین ہے کہ عدالت کی جانب سے اس کے حق میں فیصلہ آئے گا۔ کوسووو اب ایک آزاد ملک کے طور پر کام کر رہا ہے۔ اس کی اپنی پارلیمنٹ منتخب ہو چکی ہے اور دستور بھی موجود ہے۔

NO FLASH Kosovo ist Serbien Graffiti
بلغراد میں ایک دیوار پر بنایا گیا نشان، جس پر درج ہے: کوسووو، سربیا ہےتصویر: AP

مبصرین کا خیال ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے بعد دنیا کی آنکھ روس کے شورش زدہ خطے چیچنیا کی جانب ضرور اٹھے گی۔ اس کے علاوہ ہسپانوی علیحدگی پسند حصے کے اندر جاری تحریکوں کو اخلاقی حمایت حاصل ہونے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جنوبی اوسیتیا کے علاقے کے حوالے سے بھی عالمی سطح پر بات شروع ہو سکتی ہے۔

عالمی عدالت انصاف، اقوام متحدہ کا ایک ذیلی ادارہ ہے۔ اس میں کوسووو کے تشخص پر شنوائی کا عمل گزشتہ سال دسمبر میں شروع ہوا تھا۔ سپین، روس اور امریکہ سمیت 29 مختلف ملکوں کی جانب سے بھی دلائل پر مبنی بیانات جمع کروائے گئے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد کوسووو اور سیربیا کے درمیان ورکنگ ریلیشنز قائم ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید