1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کھانے کی تصویر بنائیے، کیلوریز کا حساب لگائیے

11 اپریل 2011

اگر آپ کو اپنی صحت کے بارے میں بہت پریشانی رہتی ہے اور آپ کو یہ فکر ستاتی رہتی ہے کہ کہیں آپ کے کھانے میں کیلوریز آپ کی ضرورت سے زیادہ نہ ہوں تو آئی فون کی ایک نئی ایپلیکیشن آپ ہی کے لیے ہے۔

https://p.dw.com/p/10rSN
تصویر: AP

پیزا، برگر، چاکلیٹ یا فرائی چپس وغیرہ کھاتے ہوئے اگر آپ کو یہ فکر دامن گیر ہے کہ اس میں نامعلوم کتنی کیلوریز ہوں تو اب یہ معلوم کرنا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اپنے آئی فون سے اپنے مطلوبہ کھانے کی تصویر لیجیے اور یہ نئی ایپلیکیشن فوری طور پر اس خوراک کی کیلوریز کا حساب کرکے آپ کو بتا دے گی۔

مِیل اسنیپ (MealSnap) نامی یہ ایپلیکیشن ’ڈیلی بَرن‘ نامی فٹنس سوشل نیٹ ورک کی طرف سے تیار کی گئی ہے۔ یہ نیٹ ورک اس سے قبل بھی صحت اور خوراک سے متعلق کئی ایک آئی فون ایپلیکیشنز تیار کرچکا ہے۔

کسی بھی خوراک کی تصویر لیتے ہی یہ ایپلکیشن اس کی ڈیٹا بیس میں موجود قریب پانچ لاکھ اشیائے خوردونوش سے اس کا تقابل کرتی ہے اور چند منٹوں کے اندر صارف کو اس خوراک میں موجود کیلوریز کا حساب کتاب بتا دیتی ہے جس کی تصویر لی گئی ہوتی ہے۔

iPhone Oberfläche mit vielen Icons für Applikationen
مِیل اسنیپ نامی یہ ایپلیکیشن آئی ٹیونز ویب سائٹ پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہےتصویر: DPA

’ڈیلی برن‘ کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر اینڈی اسمتھ کے بقول: ’’ ڈیٹا بیس فوری طور پر مطلوبہ خوراک میں موجود مختلف اجزاء کے بارے میں جاننے کے لیے مدد کرتی ہے کہ اس میں کس قدر کیلوریز ہیں، کس قدر پروٹینز، فیٹ، کاربوہائیڈریٹس، وٹامنز یا دیگر اجزاء موجود ہیں جن میں بارے میں آپ جاننا چاہتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ آپ مطلوبہ معلومات کو پھر ٹویٹر یا ’فور اسکوائر‘ کے ذریعے اپنے دوستوں اور دیگر صارفین کے ساتھ شیئر بھی کرسکتے ہیں۔‘‘

اسمتھ کا مزید کہنا ہے کہ عام طور پر کیلوریز کا حساب کتاب لگانا ایک دقت طلب مسئلہ ہوتا ہے، تاہم ان کی ایپلیکیشن نے کسی بھی خوراک میں کیلوریز کا حساب بہت آسان بنا دیا ہے: ’’کسی چیز کے بارے میں جان لینے سے نفسیاتی طور پر یہ ممکن ہوتا ہے کہ آپ اپنے کھانے پینے کی عادات اور صحت کے حوالے سے اپنے رویے میں مثبت تبدیلی لے آئیں۔‘‘

اینڈی اسمتھ کے بقول مِیل اسنیپ کیلوریز کے بارے میں جاننے کے علاوہ خوراک کی ایک ڈائری کے طور پر بھی مددگار ہے۔ تصاویر کی مدد سے آپ یہ جان سکتے ہیں کہ دن بھر میں آپ نے کیا کیا کھایا۔ اسمتھ کہتے ہیں: ’’یہ ایک طرح سے خوراک کا ایک جریدہ ہے، لیکن بہت ہی آسان۔ اس میں آپ کو کرنا صرف یہ ہوتا ہے کہ بس خوراک کی ایک تصویر بنا لیں۔‘‘

آئی فون کے لیے تیار کی گئی مِیل اسنیپ نامی یہ ایپلیکیشن آئی ٹیونز ویب سائٹ پر ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے۔ اس کی قیمت 2.99 امریکی ڈالرز ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں