1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیا: دو ہسپانوی امدادی کارکن اغوا کر لی گئیں

14 اکتوبر 2011

کینیا کے حکام کے مطابق صومالیہ کے اسلام پسند باغیوں نے جمعرات کو اسپین کی دو امدادی کارکنوں کو اغوا کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12rgV
اغوا کی کارروائی میں اسلام پسند الشباب کے ملوث ہونے کا امکان ہےتصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مبینہ طور پر الشباب کے باغیوں نے یہ کارروائی صومالیہ کی سرحد کے ساتھ کینیا میں پناہ گزینوں کے داداب کیمپ میں کی۔ مغوی امدادی کارکن پیشے سے ڈاکٹر ہیں اور ان کا تعلق ’ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز‘ سے بتایا گیا ہے۔ کینیا کے حکام کا کہنا ہے کہ ان کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

اغوا ہونے والی دونوں خواتین ہیں۔ ایک کا نام Montserrat Serra بتایا گیا ہے جس کا تعلق شمالی ہسپانیہ سے ہے جب کہ دوسری کا تعلق دارالحکومت میڈرڈ سے بتایا گیا ہے۔ ان خواتین کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ ہسپانوی وزارت خارجہ کے مطابق وہ اغوا ہونے والی خواتین کے خاندان کے ساتھ رابطے میں ہے اور ان کارکنوں کو بازیاب کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

Karte Somalia Englisch
الشباب تنظیم جنوبی اور وسطی صومالیہ کے کئی علاقوں پر قابض ہیں جو علاقے کینیا کے ساتھ متصل ہیں

دریں اثناء الشباب کے ایک سینئر عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے ان امدادی کارکنوں کے اغوا کی تردید کی ہے۔ روئٹرز کو ٹیلی فون پر دیے گئے ایک انٹرویو میں اس عہدیدار کا کہنا تھا، ’’ہم نے اغوا کے بارے میں سنا ہے مگر ہم اس میں ملوث نہیں ہیں، نہ ہی ان کو کسی ایسے علاقے میں لایا گیا ہے جو ہمارے کنٹرول میں ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ الشباب تنظیم جنوبی اور وسطی صومالیہ کے کئی علاقوں پر قابض ہیں۔ یہ علاقے کینیا کے ساتھ متصل ہیں۔

خیال رہے کہ صومالیہ میں امدادی کارکنوں کے اغوا کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی امدادی کارکن صومالیہ سے اغوا ہوتے رہے ہیں، تاہم کینیا میں اس نوعیت کے واقعات کم ہی دیکھنے میں آئے ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید