1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہٹلر کی پینٹنگ کی نیلامی اسی ہفتے، فنی سے زیادہ تاریخی اہمیت

مقبول ملک21 نومبر 2014

نازی رہنما اڈولف ہٹلر کی جنوبی جرمن شہر میونخ کے پرانے ٹاؤن ہال کی ایک صدی قبل بنائی گئی ایک واٹرکلر پینٹنگ آئندہ ویک اینڈ پر نیلام کر دی جائے گی۔ ہٹلر کے دستخطوں والی یہ پینٹنگ فنی سے زیادہ تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔

https://p.dw.com/p/1DrDv
تصویر: Reuters/Kai Pfaffenbach

جنوبی جرمن شہر نیورمبرگ کے معروف نیلام گھر وائیڈلر Weidler کی اطلاعات کے مطابق یہ پینٹنگ ان قریب دو ہزار پینٹنگز میں سے ایک ہے، جو اڈولف ہٹلر نے بنائی تھیں۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ میونخ کے پرانے ٹاؤن ہال کی یہ پینٹنگ ہٹلر نے 1914ء میں بنائی تھی۔

یہ وہ وقت تھا جب اڈولف ہٹلر ایک آرٹسٹ کے طور پر اس جدوجہد میں تھا کہ اس کا فن اس کے لیے روزگار کا مناسب ذریعہ ثابت ہو سکے۔ اس دور کے بعد ایسا قریب دو عشروں بعد ہوا تھا کہ اڈولف ہٹلر نازی ڈکٹیٹر کے طور پر اقتدار میں آ گیا تھا۔

Angebliches Hitler-Aquarell Standesamt und Altes Rathaus München
اڈولف ہٹلر کی بنائی ہوئی پینٹنگز قدرے باقاعدگی سے منظر عام پر آتی رہتی ہیںتصویر: Reuters/Kai Pfaffenbach

آکشن ہاؤس وائیڈلر کی ڈائریکٹر کیتھرین وائیڈلر کے مطابق ہٹلر کی اس پینٹنگ کی نیلامی کی خبر دنیا بھر میں اس لیے دلچسپی کا باعث بنی ہے کہ کئی ممکنہ خریدار اس میں ہٹلر کی ذات کے حوالے سے، نازی رہنما کے بنائے گئے فن پارے کے طور پر یا پھر ممکنہ سرمایہ کاری کی ایک صورت کے طور پر دلچسپی لے رہے ہیں۔

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق ہٹلر نے یہ پینٹنگ بنانے کے بعد اس پر اپنے دستخطوں کے طور پر A. Hitler بھی لکھا تھا۔ چند ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تصویر کا یہی پہلو اس کی خصوصیات میں سے سب سے نمایاں ہے۔

یہ پینٹنگ دو ایسی بزرگ جرمن خواتین کے ایماء پر نیلام کی جا رہی ہے جو آپس میں بہنیں ہیں اور جن کے دادا نے یہ پینٹنگ ایک فن پارے کے طور پر 1916ء میں خریدی تھی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنی رپورٹوں میں جرمن آرٹ مارکیٹ کے چند ماہرین کے حوالے سے لکھا ہے کہ اڈولف ہٹلر کی بنائی ہوئی پینٹنگز قدرے باقاعدگی سے منظر عام پر آتی رہتی ہیں لیکن اس پینٹنگ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے خریدار کو ’اولڈ سٹی ہال‘ کہلانے والی اس پینٹنگ کے ساتھ اس کی پہلی مرتبہ فروخت کی اصل رسید بھی دی جائے گی۔ اس رسید پر ہٹلر کے ایڈجوٹنٹ آلبرٹ بورمان کے دستخط موجود ہیں۔

ساڑھے آٹھ انچ اونچی اور گیارہ انچ چوڑی اس پینٹنگ کی نیلامی کے لیے بولی ساڑھے چار ہزار یورو سے شروع کی جائے گی اور وائیڈلر نامی نیلام گھر کے منتظمین کے مطابق، جو ماضی میں بھی ہٹلر کی بنائی ہوئی کئی پینٹنگز فروخت کر چکے ہیں، یہ تصویر 50 ہزار یورو تک میں نیلام ہو گی۔