1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو وژن سونگ ٹائٹل اسرائیل کے نام

13 مئی 2018

یورپ میں گیتوں کے سب سے بڑے مقابلے یورووژن کے فائنل میں اسرائیلی گلوکارہ نیتا بارزیلئی نے بازی مار لی ہے۔ ہفتے کی رات پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں منعقد ہوئے فائنل مقابلے میں پچیس سالہ سنگر نیتا کی تال پر سبھی ناچ اٹھے۔

https://p.dw.com/p/2xcrA
Eurovision Song Contest 2018 - Finale Siegerin Netta Israel
تصویر: Getty Images/AFP/F. Leong

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ ہفتے کی رات پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں سجے یورو وژن سونگ کے فائنل میں اسرائیلی سنگر نیتا بارزیلئی نے اپنی عمدہ کارکردگردگی سے میدان مار لیا۔ ان کے گانے ’میں تمہارا کھلونا نہیں‘ کے بول ’می ٹو موومنٹ‘ سے متاثر ہو کر لکھے گئے تھے۔

یورو وژن: یوکرائنی گلوکارہ نے روایتی حریف روس سے فتح چھین لی

گیتوں کا سالانہ یورپی مقابلہ ’یورو وژن‘ کون جیت سکتا ہے؟

گیتوں کا یورپی مقابلہ یورو وژن سویڈن نے جیت لیا

یورو وژن اور یورپ میں پوپ موسیقی

اس مقابلے میں کامیابی کے بعد نیتا نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ انہوں نے یہ انعام جیت لیا ہے۔ گیتوں کے سالانہ یورپی مقابلے ’یورو وژن‘ کا انعقاد ہر سال کیا جاتا ہے۔

اتوار کے دن جب نیتا اپنے ایوارڈ کے ساتھ واپس وطن پہنچی تو تل ابیب میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ نیتا کے اعزاز کی خوشی منانے کی خاطر ہزاروں افراد نے شہر کی سڑکوں پر مارچ کیا اور انہیں اپنی ’ہیروئن‘ قرار دیا۔

نیتا نے یہ انعام ایک ایسے وقت پر جیتا ہے،  جب اسرائیلی اور فلسطینی تنازعہ پر اسرائیل کو تنقید کا سامنا ہے۔ اس تناظر میں ملکی سیاستدانوں نے یورو وژن میں اسرائیل کی کامیابی کو ایک مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔

اسرائیلی کی کھیلوں اور کلچر کی وزیر مری ریگیو نے اپنے فیس بک پیچ پر نیتا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا، ’’ آپ اسرائیل کے لیے عزت کا باعث بنی ہیں۔ ملک کے 70 ویں یوم آزادی اور یروشلم کے دوبارہ اتحاد کے اکاون برس مکمل ہونے پر یہ ایک بڑا تحفہ ہے۔‘‘

دوسری طرف اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی نیتا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’آپ ملک کی بہترین سفارتکار ہو۔‘‘ جب نیتن یاہو نے نیتا کو یہ پیغام دیا تو ان کی ٹیلی فون کال اسرائیلی سرکاری ٹیلی وژن پر براہ راست نشر کی گئی۔

اسرائیل ماضی میں تین مرتبہ گیتوں کے اس اہم یورپی مقابلے میں کامیابی حاصل کر چکا ہے۔ پہلی مرتبہ سن 1978 دوسری مرتبہ سن 1979 اور آخری مرتبہ سن 1988 میں اسرائیل نے یورو وژن کے فائنل میں کامیابی حاصل کی تھی۔

نیتا نے چوتھی مرتبہ اس ایوارڈ کو اسرائیل کے لیے جیتا ہے۔ سن دو ہزار اٹھارہ کے اس فائنل مقابلے کو دو سو ملین افراد نے ٹیلی وژن پر براہ راست دیکھا۔ نیتا کی کامیابی کی بدولت اب آئندہ یورو وژن سونگ کا مقابلہ اسرائیل میں ہی منعقد کیا جائے گا۔

ع ب /  ا ا / خبر رساں ادارے