1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ اور امریکا کے مابین ’تجارتی جنگ‘ فی الوقت ٹل گئی

22 مارچ 2018

بھاری درآمدی محصولات لاگو کیے جانے سے چند گھنٹوں قبل امریکی صدر ٹرمپ نے یورپی یونین سمیت چند ممالک کو ’عارضی استثنیٰ‘ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوں فی الوقت امریکا اور یورپ کے مابین اقتصادی جنگ شروع ہونے کا خطرہ بھی ٹل گیا۔

https://p.dw.com/p/2unz1
USA China Flaggen Symbobild
تصویر: Getty Images/AFP/F. Dufour

امریکی صدر ٹرمپ نے یورپی یونین کو درآمدی محصولات سے ’عارضی استثنیٰ‘ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اٹھائیس رکنی یورپی یونین کے علاوہ کینیڈا، برازیل، میکسیکو، آسٹریلیا اور ارجنٹائن کو بھی عارضی استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد امریکا اور یورپ کے مابین تجارتی جنگ کا خطرہ بھی عارضی طور پر ٹل گیا ہے۔

تجارتی جنگ کے لیے تیار ہیں، چین

لیکن اب امریکا میں اسٹیل اور ایلومینیم پر بھاری درآمدی ٹیکسوں کے نفاذ سے سب سے زیادہ چین متاثر ہو گا، جس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ اب امریکی پالیسیوں کے باعث ’اقتصادی جنگ‘ چین اور امریکا کے مابین جاری رہے گی۔

صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے ایلومینیم اور اسٹیل پر بھاری درآمدی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس صدارتی فیصلے کا اطلاق آج بائیس مارچ بروز جمعرات کی نصف شب سے ہو رہا ہے۔

Infografik Anteile Marktführer Stahlexport ENG

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ٹیکسوں کے اطلاق سے چند گھنٹے قبل امریکی تجارتی نمائندے روبرٹ لائیتھیزر نے ملکی سینیٹ کی اقتصادی کمیٹی کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے یورپی یونین سمیت چند ممالک سے درآمد ہونے والی دھاتوں پر ٹیکس کا نفاذ ’روک دینے‘ کی اجازت دے دی ہے۔

چین امریکا ’تجارتی جنگ‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج جمعرات کو مزید چینی مصنوعات پر ٹیکس یا تادیبی محصولات میں اضافے کا اعلان کرنے والے ہیں۔ وائٹ ہاؤس ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ فہرست تقریباً ایک سو چینی مصنوعات پر مشتمل ہو گی۔ ان میں چین سے درآمد کی جانے والی جدید ٹیکنالوجی کی اشیاء خاص طور پر شامل کی گئی ہیں۔ واشنگٹن حکام کا موقف ہے کہ چینی برآمدات سے امریکی صنعت کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ان تادیبی محصولات کی مالیت پچاس بلین ڈالر ہو گی۔ صدر ٹرمپ اس حوالے سے میمورنڈم پر آج امریکی وقت کے مطابق دوپہر ساڑھے بارہ بجے دستخط کر دیں گے۔

امریکا نے تجارتی نقصان پہنچایا تو بیٹھے نہیں رہیں گے، چین

چین نے اسے بین الاقوامی تجارتی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ آج بیجنگ حکومت نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔

ش ح/اا (روئٹرز، ڈی پی اے، اے پی)