1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی کونسل کے ارکان پر کرپشن کا ’شدید شبہ‘

23 اپریل 2018

یورپی کونسل کے ارکان کے خلاف شدید نوعیت کے کرپشن کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ان قریب پندرہ ارکان میں جرمن سیاست دان بھی شامل ہیں۔ شبہ ہے کہ ان پر اثر انداز ہونے کے لیے ایسی رقوم استعمال کی گئیں، جو آذربائیجان سے آئی تھیں۔

https://p.dw.com/p/2wU7t
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Seeger

یورپی کونسل کی پارلیمانی اسمبلی میں، جسے دراصل خود بھی کرپشن کے خلاف جنگ کرنا چاہیے تھی، کئی ارکان پر شبہ ہے کہ انہوں نے  ممکنہ طور پر نہ صرف رشوت کے طور پر رقوم وصول کیں بلکہ بالواسطہ فوائد کی صورت میں بھی ایسے مالی وسائل سے فائدہ اٹھایا۔

Eduard Lintner CSU
جرمن سیاستدان ایڈوآرڈ لِنٹنرتصویر: Imago/S. Spiegl

فرانس کے شہر اسٹراسبرگ میں تین غیر جانبدار ماہرین کی طرف سے پیش کردہ ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یورپی کونسل کے متعدد موجودہ اور سابقہ ارکان، جن کی تعداد ایک درجن سے زائد ہے، بدعنوانی کے زمرے میں آنے والی متعدد ایسی سرگرمیوں کے مرتکب ہوئے، جن کا فائدہ آذربائیجان کو پہنچا تھا۔

یورپی کونسل کے لیے غیر جانبدار ماہرین کے طور پر یہ رپورٹ انسانی حقوق کی یورپی عدالت کے دو سابق ججوں نکولاس براٹسا اور الزابیتھ فیورا  اور فرانس کے ایک معروف تفتیشی جج ژاں لوئی برُوگُوئیر نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔

اس رپورٹ میں یورپی کونسل کے جن ارکان کی پارلیمانی کارکردگی کے بارے میں شدید نوعیت کے شبہات اور سوالات پیدا ہو گئے ہیں، ان میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے اور جرمن صوبے باویریا کی قدامت پسند سیاسی جماعت کرسچین سوشل یونین یا سی ایس یو کے سیاستدان ایڈوآرڈ لِنٹنر بھی شامل ہیں۔

 Karin Strenz CDU
میرکل کی پارٹی کی خاتون سیاستدان کارِن شٹرینستصویر: picture alliance/dpa-Zentralbild/J. Büttner

چھ ارب سے زائد لوگ بدعنوان ممالک میں آباد

لِنٹنر ماضی میں وفاقی جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں یا بنڈس ٹاگ کے رکن بھی رہ چکے ہیں اور 1999ء سے لے کر 2010ء تک وہ یورپی کونسل کی پارلیمانی اسمبلی کے رکن بھی رہے تھے۔

200 سے زائد صفحات پر مشتمل اس تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق جرمن سیاستدان لِنٹنر آذربائیجان کے لیے ’لابی کرنے والی کلیدی اہمیت کی حامل شخصیت‘ بھی رہے تھے۔

ان کے بارے میں اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے 2012ء اور 2014ء کے درمیانی عرصے میں باکو سے آنے والے مجموعی طور پر آٹھ لاکھ بیس ہزار یورو وصول کیے، جو انہیں برطانیہ میں قائم تین نام نہاد فرموں کے ذریعے ادا کیے گئے تھے۔

اس رپورٹ میں یورپی کونسل کے کئی دیگر ارکان کے علاوہ جس دوسری جرمن سیاسی شخصیت کا نام بھی آتا ہے، وہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین یا سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والی کارِن شٹرینس ہیں، جنہوں نے اسی طرح آذربائیجان سے بھیجی گئی رقوم وصول کیں۔

کرپشن کے جرم میں سابق جنوبی کوریائی صدر کو 24 برس سزائے قید

اسرائیلی وزیراعظم کے قریبی ساتھی ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ

اس تفتیشی رپورٹ کے مطابق تیل کی دولت سے مالا مال، سابق سوویت یونین کی ریاست آذربائیجان نے جب سے 2001ء میں یورپی کونسل میں شمولیت اختیار کی ہے، تب سے یہ وسطی ایشیائی جمہوریہ اپنے لیے ’ہمدردوں کا ایک پورا نیٹ ورک‘ قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

یورپی کونسل کے ارکان کی مجموعی تعداد 47 ہے، جن میں یورپی یونین کے تمام رکن ممالک بھی شامل ہیں اور ان کے علاوہ روس اور ترکی جیسی بہت سی دیگر ریاستیں بھی۔

م م / ع ا / اے ایف پی، ڈی پی اے