1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان میں مہاجرین کے لیے ’کوالیفیکیشن پاسپورٹ‘

شمشیر حیدر انفو مائیگرنٹس
19 اگست 2017

یونان میں کونسل آف یورپ نے مہاجرین کے لیے ’کوالیفیکیشن پاسپورٹ‘ جاری کرنے کا منصوبہ شروع کر رکھا ہے لیکن یہ سفری دستاویز نہیں بلکہ اس کا مقصد مہاجرین کو تعلیم اور روزگار کے حصول میں مدد کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/2iUqq
تصویر: picture-alliance/dpa/G. Fischer

عام طور پر یورپ کا رخ کرنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کے پاس نہ تو سفری دستاویزات ہوتی ہیں اور نہ ہی تعلیمی اسناد۔ شورش زدہ ممالک سے اپنی تعلیمی اسناد ساتھ لے آنے والے مہاجرین کے لیے بھی ایک مشکل یہ ہوتی ہے کہ یورپی تعلیمی ادارے یا ملازمتوں کے دفاتر ان کے آبائی وطنوں سے ان دستاویزات کی تصدیق نہیں کرا سکتے۔ تعلیمی قابلیت کی تصدیق نہ ہو پانے کے سبب انہیں یورپ میں تعلیم جاری رکھنے اور ملازمتوں کے حصول میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

یونان سے ترکی ملک بدر ہونے والوں میں پاکستانی سرفہرست

پاکستانی تارکین وطن کی واپسی، یورپی یونین کی مشترکہ کارروائی

مہاجرین کو درپیش ایسے ہی مسائل حل کرنے کے لیے کونسل آف یورپ نے’یورپی کوالیفیکیشن پاسپورٹ فار ریفیوجیز‘ نامی منصوبہ شروع کر رکھا ہے۔ یہ ادارہ مہاجرین کی تعلیمی اسناد اور دستیاب دستاویزات کا منظم انداز میں جائزہ لے کر اور ان مہاجرین کا انٹرویو لینے کے بعد انہیں ’کوالیفیکیشن پاسپورٹ‘ جاری کرتا ہے۔ اس ’پاسپورٹ‘ کا مقصد مہاجرین کو مختلف یورپی ممالک میں اعلیٰ تعلیم یا ملازمتوں کے حصول میں معاونت کرنا ہے۔

کیا تارکین وطن کو جرمنی آتے ہی ملازمت مل جاتی ہے؟

اس منصوبے کا آغاز گزشتہ برس مارچ میں کیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین، کونسل آف یورپ، یونانی وزارت تعلیم کے ساتھ اٹلی، ناروے اور برطانیہ کے تعلیمی قابلیت کی تصدیق کرنے والے مراکز کے مشترکہ تعاون سے جاری ہے۔

یہ ’پاسپورٹ‘ جاری کرنے کے لیے مہاجرین کی تعلیمی اسناد، ملازمتوں کے تجربے اور ان کی زبان سے متعلق قابلیتوں کے اسناد وصول کی جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں مہاجرین کو ایک سوال نامہ بھی پُر کرنا ہوتا ہے۔ ان کوائف کا جائزہ لینے کے بعد ادارہ تفصیلی انٹرویو بھی لیتا ہے جس کے بعد امیدوار کو ’کوالیفیکیشن پاسپورٹ‘ جاری کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جاتا ہے۔ مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کی صورت میں مہاجرین کو پانچ سال کی معیاد کے لیے یہ دستاویز جاری کر دی جاتی ہے۔

یہ منصوبہ فی الوقت صرف یونان میں جاری ہے تاہم رواں برس کے اواخر میں فرانس اور آرمینیا میں بھی یہ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق آئندہ برس اس منصوبے کو دیگر یورپی ممالک تک بھی پھیلایا جائے گا۔

اگر آپ کوالیفیکیشن پاسپورٹ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تویہاں کلککیجیے۔

بحیرہ روم کے ذریعے اسپین پہنچنے کا انتہائی خطرناک راستہ

جرمنی سے مہاجرین کو ملک بدر کر کے یونان بھیجا جائے گا، یونان