1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اينڈی مرے نے ريٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

11 جنوری 2019

اينڈی مرے نے عنديہ ديا ہے کہ وہ ٹينس کا کھيل مزید جاری نہ رکھ پائيں گے اور آسٹريلیئن اوپن ان کا آخری ٹورنامنٹ ثابت ہو سکتا ہے۔ مرے ٹينس کی رينکنگ ميں عالمی نمبر ایک کی پوزيشن پر رہنے کا اعزاز بھی رکھتے ہيں۔

https://p.dw.com/p/3BM7i
Australien Tennis l Australian Open 2019 l PK Andy Murray
تصویر: picture alliance/AP Photo/M. Baker

برطانوی ٹينس کھلاڑی اينڈی مرے نے ريٹائرمنٹ کا عنديہ ديا ہے۔ مرے نے آسٹريلوی شہر ميلبورن ميں آج جمعے 11 جنوری کو منعقدہ ايک پريس کانفرنس ميں کہا کہ وہ کھيل تو سکتے ہيں تاہم ان کے کھيل کا معيار وہ نہيں جو وہ چاہتے ہيں۔ اکتيس سالہ مرے نے بتايا ہے کہ آئندہ ہفتے شروع ہونے والے آسٹريلیئن اوپن ان کا آخری بين الاقوامی ٹورنامنٹ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے بقول وہ اپنے کولہے ميں تکليف کے سبب پريشان ہيں اور اس سے چھٹکارہ حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کر چکے ہيں۔ مرے نے بتايا کہ پچھلے بيس ماہ سے وہ شديد تکليف ميں ہيں۔

تين مرتبہ گرينڈ سليَم چيمپئن اينڈی مرے آسٹريلوی اوپن کے فائنل تک پانچ مرتبہ پہنچ چکے ہيں۔ ان کا پچھلے سال آپريشن بھی ہوا تھا، جس سبب وہ سن 2018 ميں زيادہ ٹينس نہيں کھيل پائے تھے۔ ليکن واپس آنے کے بعد بھی ان کی کارکردگی زيادہ متاثر کن ثابت نہ ہو سکی، جس کی وجہ ان کے کولہے ميں تکليف ہے۔

مرے نے قبل ازیں يہ خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ اس سال ومبلڈن تک کھيلنا چاہتے ہيں اور اسی ٹورنامنٹ ميں وہ ٹينس کو خيرآباد کہہ ديں گے۔ تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تکليف کے ساتھ مزيد نہيں کھيل سکتے۔ مرے کے مطابق انہيں روز مرہ کے جوتے موزے پہننے جيسے کاموں ميں بھی دقت پيش آنے لگی ہے۔

اينڈی مرے کے کھيل کا معيار پہلی مرتبہ سب نے اس وقت ديکھا، جب وہ سن 2008 کے يو ايس اوپن کے فائنل تک پہنچے، گو کہ اس ميچ ميں روجر فيڈرر نے انہيں مات دے دی تھی۔ پھر مسلسل محنت اور ٹريننگ کی مدد سے سن 2012 ميں وہ چار گھنٹے اور چون منٹ تک جاری رہنے والے يو ايس اوپن کے فائنل ميچ ميں دفاعی چيمپئن جوکووچ کے خلاف فاتح رہے۔ يہ ان کا پہلا گرينڈ سليم ٹائٹل تھا۔ پھر سات جولائی سن 2013 کے روز انہوں نے اس وقت تاريخ رقم کی، جب وہ 77 برس بعد ومبلڈن جيتنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی بنے۔

اينڈی مرے کے حوالے سے اس پيش رفت پر کئی سابقہ کھلاڑيوں نے افسوس کا اظہار کيا ہے اور ان کے کھيل کی تعريف کی ہے۔

ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں