1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آؤشوِٹس ڈیتھ کیمپ نہیں تھا‘: ہولوکاسٹ کی نفی پر دس ماہ قید

مقبول ملک13 نومبر 2015

جرمنی کی ایک ستاسی سالہ سرکردہ نئی نازی خاتون کو دوسری عالمی جنگ کے دوران یہودیوں کے قتل عام یا ہولوکاسٹ کی نفی کرنے کے جرم میں دس ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ جرمنی میں ہولوکاسٹ کی نفی ایک قابل سزا جرم ہے۔

https://p.dw.com/p/1H5GW
Timeline 2er Weltkrieg Auschwitz wird befreit
آؤشوِٹس کے اس نازی اذیتی کیمپ کے قیدی جہاں مجموعی طور پر لاکھوں یہودیوں کو قتل کیا گیاتصویر: picture-alliance/dpa/akg-images

وفاقی دارالحکومت برلن سے جمعہ تیرہ نومبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اُرزولا ہاوربَیک نامی اس خاتون کو سزائے قید جمعرات بارہ نومبر کو شمالی جرمنی کی شہری ریاست ہیمبرگ کی ایک عدالت نے سنائی۔

کثیر الاشاعت جرمن روزنامے ’بِلڈ‘ نے اپنی آج جمعے کی اشاعت میں لکھا ہے کہ اُرزولا ہاوربَیک اپنے خلاف اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ اس جرمن شہری پر فرد جرم اس سال کے اوائل میں ان کے ایک انٹرویو کے بعد عائد کی گئی تھی۔

یہ انٹرویو ہاوربَیک نے نازی دور کے ایس ایس دستوں کے ایک سابقہ سارجنٹ اوسکار گروئننگ کے خلاف مقدمے کے دنوں میں دیا تھا، جس میں ملزمہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ’آؤشوِٹس (ہٹلر دور کا مشہور اذیتی کیمپ) کوئی ڈیتھ کمیپ نہیں تھا‘۔

روزنامہ ’بِلڈ‘ کی آج کی اشاعت کے مطابق اس مقدمے میں فیصلہ سنائے جانے سے قبل ملزمہ ہاوربَیک نے ہیمبرگ کی اس عدالت کی سربراہی کرنے والے جج کو چیلنج کیا تھا کہ وہ ’ثابت کریں کہ آؤشوِٹس ایک ڈیتھ کیمپ‘ تھا۔

ملزمہ کے اس چیلنج پر جج نے کہا تھا کہ وہ کسی ایسی شخصیت کے ساتھ بحث نہیں کر سکتے، جو ’حقائق کو تسلیم نہ کر سکتی ہو‘۔ روزنامہ ’بِلڈ‘ کے مطابق اس موقع پر عدالت کے جج نے یہ بھی کہا تھا، ’’مجھے آپ کے سامنے یہ ثابت کرنے کی بھی ضرورت نہیں کہ دنیا گول ہے۔‘‘

Holocaustleugnerin Ursula Haverbeck-Wetzel
ستاسی سالہ اُرزولا ہاوربَیک جنہیں ہولوکاسٹ کی نفی کرنے پر دس ماہ قید کی سزا سنائی گئیتصویر: picture-alliance/dpa/P. Schulze

اوسکار گروئننگ کے خلاف جس مقدمے کی نسبت سے اُرزولا ہاوربَیک نے اپنے انٹرویو میں ہولوکاسٹ کی نفی کی تھی، اس مقدمے کی سماعت کے دوران ملزم گروئننگ نے اپنے ایک تفصیلی حلفیہ بیان میں یہ بتایا تھا کہ نازی دور میں آؤشوِٹس کا اذیتی کیمپ کس طرح کام کرتا تھا۔

اس مقدمے میں اوسکار گروئننگ کو تین لاکھ انسانوں کے قتل میں معاونت کے الزام میں مجرم قرار دے دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ صرف اس عرصے کے دوران ہی، جب گروئننگ آؤشوِٹس کے اذیتی کیمپ کے محافظ کے طور پر تعینات تھا، وہاں تین لاکھ یہودیوں کو قتل کر دیا گیا تھا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں