1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئر لینڈ کے لئے نوے ارب یورو کا مالیاتی پیکج

22 نومبر 2010

گزشتہ چھ ماہ کے دوران یورو زون میں شامل دوسرے ملک آئر لینڈ کو مالیاتی بحران سے بچانے کے لئے انتہائی بڑے مالیاتی پیکج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل یونان کو ایسا ہی اربوں ڈالر کا پیکج فراہم کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/QFQf
تصویر: picture alliance/dpa

اس سے قبل یونان کو ایسا ہی اربوں ڈالر کا پیکج فراہم کیا گیا تھا۔ امکاناً اگلے چند ہفتوں بعد پرتگال کو کسی ایسے پیکج کی ضرورت محسوس ہو سکتی ہے۔ ڈبلن حکومت کو یورپی یونین کی جانب سے نوے ارب یورو کے مالیاتی پیکج کی منظوری کے بعد اب حکومت باقاعدہ اس کے لئے درخواست پیش کرنے والی ہے۔

نوے ارب یورو یا ایک سو چوبیس ارب ڈالر کا قرضہ ڈبلن حکومت کو اُس کے کمزور اقتصادیات کو دوبارہ بہتر خطوط پر کھڑا کرنے کے لئے دیا جا رہا ہے۔ پرسوں بدھ تک وزیر اعظم کوین کی حکومت کی جانب سے 15ارب یورو کی کٹوتیوں کو بھی حتمی شکل دے دی جائے گی۔

NO FLASH Zeitungsstand Dublin
مختلف یورپی ملکوں کی جانب سے اس مالی پیکیج میں رقوم کی فراہمی کے اشارے سامنے آنے لگے ہیںتصویر: AP

اس کے علاوہ وزیر اعظم کوین کی حکومت اسی ہفتے کے دوران چار سالہ ممکنہ بجٹ ترجیحات کو بھی حتمی شکل دے کر عام کرے گی۔ اس میں آئر لینڈ کی بینکنگ انڈسٹری کی واضح تراش خراش شامل ہے اور اِس سیکٹر کے حجم کو خاصا کم کرنے کے اشارے سامنے آ گئے ہیں۔ عوام پر ٹیکس کا بوجھ تو ضرور ڈالا جائے گا لیکن کارپوریٹ ٹیکس کی سابقہ شرح برقرار رکھی جائے گی۔ اس مناسبت سے وزیر اعظم کوین نے آئرش عوام سے تعاون کی اپیل جاری کردی ہے۔

اس مالیاتی پیکج کو قبول کرنے پر آئرش حکومت ابتداء میں پس و پیش کر رہی تھی۔ وزیر اعظم کوین گزشتہ ہفتے کے دوران واضح کر چکے تھے کہ ان کی حکومت کی جانب سے علیل اقتصادیات کے لئے کسی مالی پیکج کی درخواست یورپی یونین کو نہیں کی گئی۔ مگر انجام کار انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اور یورپی سنٹرل بینک کے ماہرین کے ساتھ آئرش حکام نے ہفتہ اور اتوار کو بات چیت کے عمل کو جاری رکھا اور ایک بڑے مالیاتی پیکج کو قبول کرنے پر رضامندی کا اظہار کردیا۔ برطانوی وزیر خزانہ اوسبورن کا کہنا ہے کہ آئر لینڈ کی مالیاتی مدد کرنا برطانیہ کے اپنے مفاد میں ہے۔

سن 1995 کے بعد جس انداز میں آئرش اکانومی نے بلندی کا سفر طے کیا تھا وہ قابل ستائش تھا۔ جس طرح سنگاپور کو ایسٹ ایشیئن ٹائیگرز کہا جاتا ہے، بالکل اسی طرح آئر لینڈ کو اقتصادی حوالے سے کیلٹک یا سیلٹک (Celtic) ٹائیگر کہا جاتا تھا۔ اس کی وجہ کم کارپورٹ ٹیکسوں کا نفاذ اور قابل اعتبار بینکنگ نظام تھا۔

مالی کساد بازاری اور امریکہ میں رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کے کلی طور پر ٹھپ پڑ جانے کے بعد آئر لینڈ کے پھلتے پھولتے رئیل اسٹیٹ بزنس کے ساتھ ساتھ افزائش پاتے بینکنگ نظام کے غبارے سے ہوا نکل گئی۔ اس طرح آئر لینڈ کا اقتصادی وقار بالآخر مالیاتی پیکج کا محتاج ہو کر رہ گیا۔

Irland EU Rettungsschirm Brian Cowen Brian Lenihan NO FLASH
آئرش وزیر اعظم برائن کوین اور وزیر خزانہ برائن لینہینتصویر: picture-alliance/dpa

یورپی یونین کے اقتصادی کمیشنر اولی رہن کا کہنا ہے کہ جو اربوں ڈالر کا قرضہ آئر لینڈ کو دیا گیا ہے یہ تین سالوں کے لئے ہیں۔ اس پیکج کے حوالے سے آئرش وزیر خزانہ برائن لینیہن کا کہنا ہے کہ اس کے حصول سے حکومتی بجٹ خسارے میں کمی یقینی طور پر پیدا ہو گی اور سن دو 2014 تک اس خسارے کا حجم تین فیصد تک لایا جائے گا۔

مختلف یورپی ملکوں کی جانب سے اس مالی پیکیج میں رقوم کی فراہمی کے اشارے سامنے آنے لگے ہیں۔ سویڈن نے ڈیڑھ ارب یورو دینے کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ کی جانب سے گیارہ ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں