1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئيوری کوسٹ : اقوام متحدہ نے وواتارا کو صدر تسليم کرليا

24 دسمبر 2010

مغربی افريقہ کا ملک آئيوری کوسٹ پچھلے ماہ کے صدارتی انتخابات کے بعد سے شديد بحران کا شکار ہے۔ اس کی وجہ يہ ہے کہ ملک کے صدر باگبو ان انتخابات ميں اپنی شکست تسليم کرنے سے انکار کر رہے ہيں ۔

https://p.dw.com/p/zpDG
آئيوری کوسٹ کے سیاسی حریفتصویر: AP/DW

مغربی افريقی ممالک کے رہنما آج جمعہ کو آئيوری کوسٹ کے بحران پر مذاکرات کے لئے اکٹھے ہوئے ہيں۔ آئيوری کوسٹ کے صدر لاراں باگبو پر يہ دباؤ جاری ہے کہ وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائيں۔ مغربی افريقی بلاک ECOWAS کے رکن ممالک کے سربراہان کی آئيوری کوسٹ کے بحران پراس ماہ کے دوران يہ دوسری خصوصی سربراہ کانفرنس ہے۔ پہلی کانفرنس ميں اس ملک کو بلاک سے خارج کرديا گيا تھا۔ امريکہ نے بھی اعلان کيا ہے کہ وہ آئيوری کوسٹ ميں تعينات اقوام متحدہ کی نو ہزار فوجیوں پر مشتمل امن فورس ميں اضافے کے لئے علاقائی ممالک سے بات چيت کر رہا ہے۔ امريکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ امريکہ اس سلسلے ميں ECOWAS کے کئی رکن ممالک سے مذاکرات کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چونکہ باگبو نے اقوام متحدہ کے دستوں کو ملک سے چلے جانے کے لئے کہا ہے، اس لئے يہ بات خارج از امکان نہيں کہ کسی مرحلے پر وہ ملکی فوج کے ذريعے اقوام متحدہ کے دستوں کو چيلنج کر ديں۔

Elfenbeinküste Ausschreitungen
اپوزيشن کے الاسان ووااتارا کے حاميوں کا مظاہرہتصویر: AP

ECOWAS کے ترجمان سنی يوگو نے کہا کہ جمعہ چوبیس دسمبر کے سربراہی اجلاس ميں سات دسمبر کے بعد کی صورتحال کے علاوہ اس بارے میں بھی غور کيا جائے گا کہ وہاں حالات کو کن اقدامات سے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

فرانسيسی صدر نکولا سارکوزی کے دفتر نے جمعرات کو پیرس میں اعلان کيا تھا کہ صدر سارکوزی نے نائيجيريا کے صدر اور ECOWAS کے چيئرمين گڈ لک جوناتھن سے آئيوری کوسٹ کے مسئلے پر ٹيليفون پر گفتگو کی ہے۔ جوناتھن نے 15 مغربی افريقی ممالک کی اقتصادی برادری ECOWAS کی طرف سے باگبو کو ايک خط بھی لکھا ہے، جس ميں ان سے فوری طور پر اقتدار سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کيا گيا ہے۔ اس خط ميں صدر جوناتھن نے باگبو کے حريف آلاسان وُوآتارا کو نیا صدر تسليم کرنے کے ساتھ ساتھ باگبو اور اُن کے خاندان کو کہيں اور منتقل ہونے ميں مدد دينے کی پيشکش بھی کی ہے۔

جمعرات ہی کے روز اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کميشن نے متفقہ طور پر ايک قرارداد بھی منظور کی تھی، جس ميں حالیہ اليکشن کے بعد آئيوری کوسٹ ميں اغواء اور قتل و غارت گری کی سختی سے مذمت کی گئی ہے۔ يہ قرارداد اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کميشن کے ايک اعلیٰ افسر کی اِس رپورٹ کے بعد منظور کی گئی کہ اُن کے عملے کی جمع کردہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق آئيوری کوسٹ ميں پچھلے ہفتوں کے دوران کم ازکم 173 افراد قتل کر دئے گئے۔

Elfenbeinküste Laurent Gbagbo Flash-Galerie
لاراں باگبوتصویر: picture-alliance/dpa

باگبو اور ان کے ديرينہ حريف وُوآتارا کے درميان 28 نومبر کے اليکشن کے بعد سے تنازعہ ہے۔ دونوں اس اليکشن ميں اپنی اپنی جيت کے دعوے کر رہے ہيں۔

مغربی افريقی مالياتی يونين کے مرکزی بينک نے آئيوری کوسٹ کے لاراں باگبو کو رقوم کی منتقلی روک دينے کا فيصلہ کيا ہے تاکہ باگبو پر اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کے لئے دباؤ ميں اضافہ کيا جا سکے۔ اقوام متحدہ نے وُوآتارا کو آئيوری کوسٹ کا نيا صدر تسليم کر ليا ہے اور اقوام متحدہ کے سيکريٹری جنرل بان کی مون نے خدشہ ظاہر کيا ہے کہ يہ ملک دوبارہ خانہ جنگی کی لپيٹ ميں آ سکتا ہے۔

آئيوری کوسٹ ميں موجودہ بحران اُس وقت شروع ہوا جب ملکی صدر باگبو نے پچھلے ماہ کے انتخابات ميں اپنے حريف وُوآتارا کی فتح کو تسليم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کرسیء صدارت چھوڑنے سے انکار کر ديا۔

رپورٹ: شہاب احمد صدیقی

ادارت: مقبول ملک