1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آئی ایم ایف پر مجرمانہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے‘ سپراس

کشور مصطفیٰ16 جون 2015

یونان کے وزیر اعظم الیکسس سپراس نے انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اُسے یونان کے مالیاتی ڈیل تک پہنچنے کی راہ میں اصل رکاوٹوں کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Fi7n
تصویر: REUTERS/Alkis Konstantinidis

یونانی وزیر اعظم نے منگل کو اپنے پارلیمانی گروپ کے ساتھ ملاقات میں نہایت سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے آئی ایم ایف کو ہدف تنقید بنایا، سپراس کا کہنا تھا،’’ انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ پر یونان کے لیے نئی مالیاتی ڈیل طے نہ ہونے کی مجرمانہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے‘‘۔ سپراس نے ساتھ ہی اس معاملے میں یونان کو قرضہ دینے والے یورپی قرض دھندگان سے کہا ہے کہ وہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں کا جائزہ لیں۔

یونانی وزیر اعظم نے یہ بیانات گزشتہ ویک اینڈ پر یونان، یورپی یونین اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کے بے نتیجہ دور کے اختتام کے تناظر میں دیے ۔ یونانی وزیر اعظم نے قرض دہندگان پر یونان کو لوٹنے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

منگل کو یونان کے پارلیمانی گروپ سے مذاکرات کرتے ہوئے سپراس نے کہا، ’’ اب وقت آ گیا ہے، آئی ایم ایف کی تجاویز کو محض یونان نہیں بلکہ یورپ کی طرف سے جانچنے کا۔ سر دست سب سے زیادہ جس بارے میں بات ہو رہی ہے وہ ہے یونان کے بیل آؤٹ پیکج میں درج سخت ترین بچتی اصلاحات کی اور یورپ خود قرضوں کے بارے میں کسی نتیجہ خیز بحث سے گریز کر رہا ہے‘‘۔

Gemüsemarkt in Agia Paraskevi
یونان میں مہنگائی عروج پر ہےتصویر: DW/I.Anastassopoulou

یونانی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یورپی یونین اور آئی ایم ایف کی طرف سے قرض دھندگان بیل آؤٹ پیکیج کے بہانے پانچ برسوں سے یونان کو لوٹ رہے ہیں۔ اب یہ پنشن میں جو کٹوتی کا اصرار کر رہے ہیں اس سے ان کے سیاسی مقاصد وابستہ ہیں۔

چالیس سالہ الیکسس سپراس نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور آئی ایم ایف کا یہ رویہ یونانی عوام کی تضحیک کے سوا کچھ نہیں جو گزشتہ پانچ سالوں سے اپنے ناکردہ گناہوں کی سزا جھیل رہے ہیں۔ سپراس نے کہا کہ بچتی پیکیج کی تجاویز میں بنیادی اشیاءِ صرف جیسے کہ بجلی پر بھاری ٹیکس لگانے کی جو بات کی جا رہی ہے یہ محض یونانی عوام کی زندگی کو مزید مشکل بنانے کا موجب بنیں گی۔ ان سے یونان کے عوام کی زندگیوں کو زیادہ سے زیادہ مشکل بنا دیا جائے گا۔

Griechenland Krise
یونانی عوام کے ساتھ یورو زون زیادتی کر رہا ہے: یونانی وزیر اعظمتصویر: DW/I. Anastassopoulou

بائیں بازو کی بنیاد پرست سیریزا پارٹی کے اراکین پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے یونانی وزیر اعظم نے کہا کہ یورپ کی طرف سے آئی ایم ایف کی تجاویز کا عوام کے سامنے احتساب کا وقت آ گیا ہے۔

ادھر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے آئندہ جمعرات کو یورو زون کے مجوزہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں یونان کے قرضے کے بحران کا حل اور قرض دھندگان کی طرف سے کسی اتفاق پر پہنچنے کے امکانات پر گہرے شکوک کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں میرکل کا کہنا تھا،’’ میں نہیں کہہ سکتی کہ آیا لکسمبرگ میں ہونے والے مذاکرات میں یورو زون کا یونان کے بارے میں موقف پر بحث کے بعد کوئی اتفاق ہو پائے گا‘‘۔