1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہمقبوضہ فلسطینی علاقے

آج دنیا بھر میں یوم القدس منایا جا رہا ہے

29 اپریل 2022

دنیا بھر میں مسلمان رمضان کے آخری جمعے کو یوم القدس کے طور پر مناتے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان میں بھی ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ اس برس یوم القدس سے قبل فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4Ab4Z
Deutschland Al-Quds-Marsch in Berlin
(فائل تصویر)تصویر: Reuters/H. Hannschke

مقبوضہ بیت المقدس، مغربی کنارے اور غزہ میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان گزشتہ 22مارچ سے شروع ہونے والے تشدد کے تازہ واقعات میں اب تک 26 فلسطینی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس دوران تین اسرائیلی پولیس اہلکاروں سمیت کم ا زکم 14اسرائیلی بھی مارے گئے۔

اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کی کارروائی تیز کردی ہے۔ اور مبینہ فلسطینی حملہ آوروں کے مکانات کو منہدم کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ حالانکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اجتماعی سزا کی اس غیرقانونی شکل کی مذمت کرتی رہی ہیں۔

اس دوران رمضان کے آخری جمعے کو آج دنیا بھر میں یوم القدس منایا جارہا ہے۔

Al-Kuds Berlin Anti -Israel Demonstration Palästinenser 25.07.2014
تصویر: Reuters

یوم القدس کیا ہے؟

یوم القدس فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار اور اسرائیل کی مبینہ جارحیت کے خلاف ہر برس رمضان کے آخری جمعے کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اس کا آغاز سن 1979میں ایران کے اس وقت کے روحانی پیشوا آیت اللہ روح اللہ خمینی نے کیا تھا۔

یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں۔ پاکستان میں بھی مختلف تنظیموں نے رمضان کے آخری جمعے کو نماز کے بعد مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی ہے۔

بھارت میں بھی اس موقع پر دارالحکومت نئی دہلی کے علاوہ متعدد اہم شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور فلسطینیوں اور بیت المقدس کو اسرائیل سے درپیش خطرات کے حوالے سے کئی کانفرنسوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر ایک بڑی ریلی فلسطین میں نکالی جاتی ہے۔ گزشتہ برس یوم القدس کے موقع پر ایسے ہی ایک احتجاجی ریلی کے دوران مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس میں جھڑ پ ہوگئی تھی جس میں ڈیڑھ سو سے زائد فلسطینی اور چھ اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطینی عسکریت پسند گرو پ حماس کے رہنما اسماعیل رضوان نے اپنے ایک بیان میں کہا،"بیت المقدس جو فلسطین کا ابدی دارالحکومت ہے اس پر اسرائیلی قبضے اور اقصیٰ کے خلاف اسرائیل کے جرائم کو جاری نہیں رہنے دیں گے۔"

Ayatollah Ali Khamenei
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ایتصویر: IRANIAN LEADER PRESS OFFICE/AA/picture alliance

ایرانی رہنماوں کا خطاب

ایران کی ایک نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای یوم القدس کی مناسبت سے آج ٹی وی چینلوں کے ذریعہ براہ راست خطاب کریں گے۔

ایران کے صدر ابرہیم رئیسی نے یوم القدس کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا "یوم القدس دنیا کے تمام مظلومین اور مستضعفین کی امید کا دن ہے۔" انہوں نے فلسطین، یمن،افغانستان اور لبنان میں "اسلامی مزاحمت"کو قرآن کی روشنی میں امید افزا قرا ردیا۔

ایران کی ایلیٹ فورس سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے یوم القدس کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے کہا،"ایران فلسطینیوں کی حمایت میں ثابت قدم ہے اور ان کی مکمل فتح تک ان کے ساتھ ہے۔ ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔"

انہوں نے اسرائیل کی مبینہ جارحیت کی حمایت کے لیے امریکہ کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ بھی اسرائیل کے"جرائم" میں برابر کا شریک ہے۔

ج ا/ ص ز (ایجنسیاں)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید