1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلوی کمانڈوز پر افغانستان میں جنگی جرائم کے الزامات

12 نومبر 2020

آسٹریلوی وزیراعظم نے فوجی نظام میں سنگین خامیوں کا اقرار کرتے ہوئے فوج میں اصلاحات کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3lBzH
Afghanistan - australischer NATO-Soldat
تصویر: Getty Images

آسٹریلوی فوجیوں کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات کا تعلق ان کی افغانستان میں سن دو ہزار پانچ سے سن دو ہزار سولہ کے دوران تعیناتی سے ہے۔

بیشتر الزامات کی تفصیل واضح نہیں۔ تاہم حالیہ برسوں میں آسٹریلوی میڈیا نے بعض سنگین واقعات رپورٹ کیے۔ ان میں فوجیوں کے ہاتھوں افغان شہریوں کی ہلاکتوں اور جنگی قیدیوں کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات شامل ہیں۔

اس سال مارچ میں آسٹریلوی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے ایک ویڈیو فوٹیج بھی نشر کی جس میں آسٹریلیا کی اسپیشل ایئر سروس کے ایک فوجی کو ایک نہتے افغان شخص کو سر میں گولی مارتے دکھایا گیا۔

Afghanistan italienische NATO-Soldaten Gefahrenunterweisung
تصویر: DW/S. Tanha

جرائم کی تحقیقات

آسٹریلوی ڈیفنس فورس (اے ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ پچھلے چار سال کے دوران اس قسم کے الزامات کی اندرونی طور پر تفتیش کی جاتی رہی ہیں۔

پچھلے ہفتے آسٹریلوی افواج نے انکشاف کیا کہ اس ضمن میں 55 واقعات میں تحقیقات کی گئیں، جن میں 336 گواہوں سے سے شواہد یا ثبوت اکھٹے کیے گئے۔

فوجیوں کی مبینہ زیادتیوں سے متعلق یہ تفصیلی رپورٹ آئندہ ہفتے منظر عام پر لائی جائے گی۔

افغانستان میں آسٹریلیا کے کُل 39000 فوجیوں نے خدمات انجام دیں جن میں سے 41 مارے گئے۔

فوجی زیادتیوں کا احتساب

جمعرات کو وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے آسٹریلوی افواج کا مجموعی طور پر دفاع کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ایسے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جن میں فوجی اہلکار مطلوبہ ''توقعات اور معیار پر پورے نہیں اترے‘‘۔

Australien Premierminister Scott Morrison im Parlament
تصویر: Reuters/AAP Image/L. Coch

انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی شہریوں کے لیے اپنی افواج کے حوالے سے آئندہ ہفتے شائع ہونے والی رپورٹ ''مشکل اور سخت‘‘ ہوگی لیکن ان الزامات کی تفتیش اور جوابدہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان الزامات کو مزید گہرائی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کی طرف سے جنگی جرائم کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک اسپیشل پراسیکیوٹر نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آسٹریلوی وزیراعظم نے عندیہ دیا کہ تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ آسڑیلوی افواج کے نظام میں سنگین مسائل ہیں، جس کی اصلاح کے لیے نئی کمیٹی قائم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ''ماحول، تناظر، قوائد، روایات اور قیادت‘‘ کا عمل دخل ہوتا ہے جسے بدلنے کی ضرورت ہے۔

آسٹریلوی حکومت کے مطابق فوج میں اصلاحات کی نگرانی کرنے والی کمیٹی حکومت اور افواج کے زیر اثر نہیں ہوگی اور اس کا کام احتساب اور شفافیت یقینی بنانا ہوگا۔