1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا اور بھارت دوسرے ون ڈے میں مد مقابل

28 اکتوبر 2009

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ آج ناگ پور میں کھیلا جا رہا ہے۔ پہلا ایک روزہ میچ جیتنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو اِس میچ سے قبل خاصی پریشانیوں کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/KHDQ
رکی پونٹنگتصویر: AP

اُس کا بولنگ اٹیک بڑی طرح متاثر ہے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر بریٹ لی، میچل جانسن اور جیمز ہوپس کے پوری طرح فٹ ہونے کے بارے میں ابھی کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر بریٹ لی کی کُہنی میں شدید درد پیدا ہو گیا تھا اور اِسی باعث وہ ودودرا کے میچ میں اپنے اوورز پورے نہیں کر سکے تھے۔ میچل جانسن کا پاؤں پریکٹس سیشن میں مڑ جانے سے وہ بھی درد میں مبتلا بتائے جاتے ہیں۔ آل راؤنڈر جیمز ہوپس کی ران کے عضلات میں کھچاؤ پیدا ہونے سے انہیں بھی درد دبانے والی ادویات کا سہارا لینا پڑ رہا ہے اور پوری طرح غیر فعال ہیں۔

England vs India Twenty20 World Cup cricket match
رواں سیریز کے پہلے میچ میں بھارت کو شکست ہو چکی ہےتصویر: AP

آسٹریلوی ٹیم کے کوچ ٹک نیلسن نے امید ظاہر کی ہے کہ بائیں ہاتھ سے گیند پھینکنے والے تیز بولر میچل جانسن دوسرے ایک روزہ میچ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔ اگر اِن کھلاڑیوں کی فٹنس کا حال یہی رہا تو مہمان ٹیم کی حکمت عملی پوری طرح بے اثر ہو جائے گی۔

دریں اثناء سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر اور بیٹسمین ایڈم گلکرسٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم یقینی طور پر کم بیک کرے گی اور ویسے بھی بھارتی ٹیم کو اس کی سرزمین پر ہرانا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے لئے اچھی خبر یہ ہو سکتی ہے کہ مڈل آرڈر میں زوردار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے یووراج سنگھ کے دوبارہ ٹیم میں شمولیت کے قوی امکانات ہیں، یعنی وہ ناگ پور ایک روزہ میچ میں کے لئے بھارتی اسکواڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔

وہ جنوبی افریقہ میں اپنی انگلی میں فریکچر کے باعث کھیلنے سے قاصر تھے۔ اِسی باعث وہ چیمپیئنز ٹرافی بھی نہیں کھیل پائے تھے۔ اُن کی واپسی سے بھارتی ٹیم کے بولنگ کے شعبے میں بھی بہتری پیدا ہو گی کیونکہ یووراج سنگھ عمدہ اسپن بولنگ بھی کراتے ہیں۔ وہ ایک روزہ میچوں میں خاصے مؤثر ثابت ہو چکے ہیں۔ یووراج سنگھ کی واپسی کے بعد کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ویرات کوہلی اور رویندر جڈیجہ میں سے کسی ایک کھلاڑی کا انتخاب کرنا ہو گا۔ ویسے دونوں کھلاڑی انتہائی ہو نہار تصور کئے جاتے ہیں۔

England vs India Twenty20 World Cup cricket match
مہندر سنگھ دھونیتصویر: AP

ودودرا کے میچ کے تناظر میں دیکھا جائے تو ووٹ ویرات کوہلی کے حق میں جاتا ہے کیونکہ رویندر جڈیجہ میچ میں اچھا اثر چھوڑنے میں پوری طرح ناکام رہے تھے۔

ناگ پور کے نئے اسٹیڈم میں پہلی مرتبہ ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلا جا رہا ہے۔ یہ میدان شہر کے باہرجامتھا کے علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس میدان پر سن دو ہزار آٹھ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلوی ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ کھیلا تھا، تب یہ میدان تعمیر کے آخری مراحل میں تھا۔ ایسا خیال کیا جا رہا ہے کہ ناگ پور کے میدان پر اسپنر کوئی کارنامہ سرانجام دے سکتے ہیں۔

پچ رپورٹ یہ ہے کہ یہ بلے بازوں کا ساتھ دے گی۔ لیکن ناگ پور کی پچ شام کے وقت پریشانی پیدا کرتی ہے اور اِس صورت میں ٹاس جیتنا اہم ہے۔ ہر بھجن سنگھ تو بہت عمدہ بولر ہیں اور دوسری طرف آسٹریلوی اسپنر نیتھن ہوریٹز ہر میچ کے بعد بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔ ہوریٹز کی آف بریک گیند اب اچھے بلے بازوں کو بھی پریشان کر دیتی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل