1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا میں داعش کے جہادی بھرتی کرنے والا سرغنہ مارا گیا

مقبول ملک31 جنوری 2016

آسٹریلیا میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے لیے نئے جہادی بھرتی کرنے والا اہم ترین عسکریت پسند نیل پرکاش مارا گیا ہے۔ یہ شدت پسند ملک میں ایک قومی دن کی تقریبات کے موقع پر مبینہ حملے کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھا۔

https://p.dw.com/p/1HmXn
Neil Prakash
نیل پرکاش کی موت کی تصدیق کرنے والے جہادی کا نام نہیں بتایا گیا

سڈنی سے اتوار 31 جنوری کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں میں آسٹریلین میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے لیے آسٹریلیا میں ’بھرتیاں کرنے والے سب سے تجربہ کار شدت پسند‘ کا نام نیل پرکاش تھا، جس کی موت کی اطلاع محفوظ کمیونیکیشن کے لیے استمعال ہونے والی ایپلیکیشن ’ٹیلیگرام‘ پر ایک آن لائن پوسٹ میں دی گئی۔

اخبار میلبورن ہیرالڈ پوسٹ نے لکھا ہے کہ ’ٹیلیگرام‘ پر اس پوسٹ میں نیل پرکاش کی موت کا حوالہ دیتے ہوئے داعش کے ایک رکن کا حوالہ دیا گیا۔

اس آسٹریلوی اخبار نے لکھا ہے کہ ’ٹیلیگرام‘ پر شائع کی گئی پوسٹ میں نیل پرکاش کی موت کی تصدیق کرنے والے جہادی کا نام نہیں بتایا گیا۔ میلبورن کے اس روزنامے کے مطابق اس بارے میں کوئی تفصیلات دستیاب نہیں کہ 2013ء میں آسٹریلیا کو خیرباد کہہ دینے والا نیل پرکاش کب، کہاں اور کن حالات میں مارا گیا۔

آسٹریلوی اٹارنی جنرل جارج برینڈس کے دفتر کے ایک ترجمان نے اس بارے میں کہا، ’’شام اور عراق میں سلامتی کی بہت خراب صورت حال کے ب‍اعث حکومت فی الحال ان رپورٹوں کی تصدیق نہیں کر سکتی کہ نیل پرکاش مارا گیا ہے۔‘‘

اے ایف پی نے لکھا ہے کہ نیل پرکاش، جو ابو خالد الکمبوڈی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک ایسے دہشت گردانہ حملے کے منصوبے میں بھی ملوث تھا، جو Anzac Day کےقومی دن کے موقع پر کیا جانا تھا۔ اس دن آسٹریلیا میں اس ملک کے جنگوں میں مارے جانے والے فوجیوں اور عام شہریوں کو یاد کیا جاتا ہے۔

دہشت گردوں نے یہ حملہ گزشتہ برس 25 اپریل کو کرنے کا پروگرام بنایا تھا اور اس دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں ایک 19 سالہ ملزم Sevdet Besim کو اپنے خلاف عدالتی الزامات کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ برطانیہ میں گزشتہ برس اکتوبر میں ایک ایسے 15 سالہ لڑکے کو بھی پانچ سال قید کی وہ کم سے کم سزا سنا دی گئی تھی، جس نے ملزم بیسِم کو اس بات پر آمادہ کیا تھا کہ اسے ’اینزاک ڈے‘ کے موقع پر آسٹریلیا میں ایک ’بڑا دہشت گردانہ حملہ‘ کرنا چاہیے۔

Australien - Polizei
کینبرا حکومت نے 2014ء میں ملک میں دہشت گردی کے خطرے سے تنبیہ کے ’ہائی لیول‘ کا اعلان کر دیا تھاتصویر: Reuters

کینبرا حکومت نے 2014ء میں ملک میں دہشت گردی کے خطرے سے تنبیہ کے ’ہائی لیول‘ کا اعلان کر دیا تھا۔ اس دوران وہاں انسداد دہشت گردی کے لیے کئی چھاپے بھی مارے گئے تھے اور نئے قومی سلامتی قوانین بھی متعارف کرا دیے گئے تھے۔

آسٹریلیا کو ابھی بھی اندرونی دہشت گردی کے خطرے کا سامنا ہے۔ ملکی حکومت کافی عرصہ پہلے سے ہی ان مقامی شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر چکی ہے، جو شام اور عراق سمیت مختلف بحرانی خطوں میں جا کر وہاں جہادیوں کی صفوں میں شامل ہونے کا سوچ رہے ہوں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں