1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا کے خلاف تین اسپنرز ’میدان میں‘، سنگاکارا

5 مارچ 2011

کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنے اہم گروپ میچ کے لیے تین اسپنرز کو میدان میں اتار سکتی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ آج سری لنکا کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/10Tqv
تصویر: dapd

ہفتہ کو ہونے والے اس میچ میں سری لنکا کی طرف سے مرلی دھرن کے علاوہ اجنتھا مینڈِس اور رنگانا ہیراتھ کو اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق پریماداسا کی سلو پِچ پر اسپن بولروں کا کردار انتہائی اہم ہو گا۔

Cricket Spieler Ricky Ponting
آسٹریلوی کپتان رِکی پونٹنگتصویر: AP

سری لنکا کی ٹیم کے کپتان کمارا سنگاکارا نے اسکواڈ میں اسپنرز کو شامل کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کی ٹیم کے خلاف اسپنرز کو میدان میں لانا فائدہ مند ہو گا۔ انہوں نے کہا، ’میرے خیال میں آسٹریلیا کے خلاف بہتر کھیل کے لیے یہ سب سے اچھا راستہ ہے۔ ہمارے پاس تین مین اسپن بولروں کے علاوہ پارٹ ٹائم اسپنر بھی موجود ہیں۔ ہمیں اب فیصلہ کرنا ہے۔‘

سنگاکارا کے مطابق سری لنکا کے بولر اپنی اچھی کارکردگی سے آسٹریلیا کے خلاف فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا، ’جب آپ کے پاس، ملینگا، میتھیو اور مرلی جیسے کھلاڑی ہوں، تو آپ ان اسٹارز کو دیکھتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ وہ کچھ کر کے دکھائیں گے اور پھر باقی ذمہ داری معاون بولروں پر آتی ہے کہ وہ بھی بہتر کھیل پیش کریں۔‘

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم کی کوشش ہو گی کہ ہر کھلاڑی اپنے اپنے حصہ کا کردار ادا کرے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف فتح ایک مشکل ہدف ہو گی۔

Flash-Galerie Cricket WM 2011
سری لنکا کے کھلاڑی ملینگاتصویر: AP

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان رِکی پونٹنگ نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا کہ سری لنکا کے کھلاڑی ملینگا کی کینیا کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک سے یہ بات واضح ہے کہ وہ اس وقت بھرپور فارم میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میٹنگ میں ملینگا کا موضوع سرفہرست رہا۔ تاہم رِکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم سری لنکا کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سری لنکا کی شکست کے باوجود وہ سری لنکا کی ٹیم کو کسی طور کم اہم نہیں گردانیں گے اور ان کے کھلاڑی اس میچ میں بھرپور کارکردگی کے مظاہرے کی کوشش کریں گے۔ پونٹنگ کے بقول آج کرکٹ کے شائقین کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں