1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: صوفیہ کینن فتح مند، گاربینےموگوروسا ہار گئیں

1 فروری 2020

رواں برس ٹینس کھیل کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں خواتین کی چیمپیئن شپ صوفیہ کینن نے جیت لی۔ ہسپانوی خاتون کھلاڑی کو شکست کا سامنا رہا۔

https://p.dw.com/p/3X87E
Sofia Kenin gewinnt Tennis Turnier Australien Open
تصویر: picture-alliance/AP/Lee Jin-man

آسٹریلوی شہر میلبورن میں ٹینس کھیل کے رواں برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں ہسپانوی کھلاڑی گاربینے موگوروسا نے پہلے سیٹ میں کامیابی حاصل کی تو ایسا محسوس ہوا کہ وہ یہ فائنل میچ آسانی جیت لیں گی۔ لیکن امریکی کھلاڑی صوفیہ کینن نے اندازوں کو غلط ثابت کر دیا۔ انہوں نے دوسرا سیٹ جیت کر اپنی کامیابی کی بنیاد رکھ دی۔

کینن نے ویمن سنگلز چیمپیئن شپ کے فائنل میچ کا دوسرا سیٹ چھ دو سے جیتا جب کہ پہلا سیٹ وہ چھ چار سے ہار گئی تھیں۔ تیسرے سیٹ میں انہوں نے ابتدائی دو گیمز جیت کر شائقین کو حیران کر دیا۔

اس برتری کو چھبیس سالہ موگوروسا نے برابر کر دیا۔ لیکن اگلی گیمز میں کینن نے اپنے زوردار کھیل سے اُس تاثر کو بھی زائل کر دیا کہ یہ سیٹ خاصا کانٹے دار رہ سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی پرفارمنس سے اپنی مدمقابل کو بے بس کر دیا۔

Sofia Kenin gewinnt Tennis Turnier Australien Open
ہسپانوی کھلاڑی گاربینے موزوروسا شکست کے بعدتصویر: AFP/G. Wood

گاربینے اپنی حریف کے مقابلے میں زیادہ غلطیاں کرنے کی مرتکب بھی ہوئیں اور یہی ان کے شکست کا سبب بنا۔ مبصرین کا خیال ہے کہ سابق عالمی نمبر ایک فائنل میچ میں پوری طرح فٹ دکھائی نہیں دے رہی تھیں۔

انجام کار امریکی کھلاڑی نے ہسپانیہ کی گاربینے موگوروسا کو تین سیٹ کے میچ میں سے دو سیٹ جیت کر شکست سے دوچار کر دیا۔ اس طرح وہ آسٹریلین اوپن کی نئی چیمپیئن بن گئی ہیں۔ انہوں نے یہ میچ چار چھ، چھ دو اور چھ دو سے جیتا۔

اکیس سالہ امریکی کھلاڑی کینن کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن چودہویں تھی۔ اس فائنل میچ کے بعد وہ ٹاپ ٹین میں جگہ بنا لیں گی۔ موگوروسا انجریز کی وجہ سے مختلف رینکنگ ٹورنامنٹ سے باہر تھیں۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے قبل عالمی رینکنگ میں بتسیواں مقام رکھتی تھیں۔

ع ح ⁄ ش ح ( اے ایف پی،روئٹرز)