1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان

26 جنوری 2011

فلموں کے اعلیٰ ایوارڈ آسکر کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس میں برطانوی فلم ’دی کنگز سپیچ‘ کو درجن بھر نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔ ’ٹرو گرِٹ‘ کو دس کیٹیگریز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/103Az
تصویر: Picture-Alliance/dpa

کنگ جارج ششم کا کردار نبھانے والے کولن فرتھ کی فلم ’دی کنگز سپیچ‘ نے نامزدگیوں کی دوڑ میں سب کو پچھاڑ دیا ہے۔ حتیٰ کہ فیس بُک کے موضوع پر بننے والی بلاک بسٹر ’دی سوشل نیٹ ورک‘ بھی اس سے پیچھے رہ گئی۔ تاہم یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے میں کونسی فلم کامیاب رہتی ہے۔

68. Verleihung der Golden Globes Januar 2011
کولن فرتھ اپنی اہلیہ کے ساتھتصویر: picture alliance/dpa

رواں ماہ منعقد کی گئی گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب میں ’دی کنگز سپیچ‘ کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں رہی تھی اور اس میں ’دی سوشل نیٹ ورک‘ نے سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کیے تھے، جن کی تعداد 16تھی۔

شوبزنس کے تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ ’دی سوشل نیٹ ورک‘ آسکر کی سب سے زیادہ نامزدگیاں بھی حاصل کرے گی۔ اس کے ساتھ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ زیادہ ایوارڈ سمیٹنے میں کامیابی ’دی کنگز سپیچ‘ کو ہی مل سکتی ہے، جس کی وجہ انہوں نے یہ بتائی ہے کہ یہ فلم اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کے چھ ہزار سے زیادہ ارکان کے ذوق کے زیادہ قریب ہے۔

دوسری جانب ابھی اس ویک اینڈ پر ہی آسکر کے لیے زیادہ نامزدگیاں سمیٹنے والی برطانوی فلم کو پروڈیوسرز گلڈ آف امریکہ کی جانب سے بھی بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ کولن فرتھ کو بہترین اداکار کا گولڈن گلوب ایوارڈ ملا جبکہ آسکر میں بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے بھی انہیں ہی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

83ویں اکیڈمی ایوارڈ کے لیے ’دی سوشل نیٹ ورک‘ کو محض آٹھ نامزدگیاں مل سکی ہیں۔ ’اِن سیپشن‘ کو بھی آٹھ نامزدگیاں ہی حاصل ہوئی ہیں۔ آسکر ایوارڈ کی تقریب 27 فروری کو منعقد ہو گی۔

68. Verleihung der Golden Globes Januar 2011
نیتالی پورٹمانتصویر: picture alliance/abaca

آسکر کے لیے بہترین فلم کی نامزدگی حاصل کرنے والی فلموں میں ’بلیک سوان‘، ’دی فائٹر‘، ’اِن سیپشن‘، ’دی کِڈز آر آل رائٹ‘ ’127 آرز‘، ’دی سوشل نیٹ ورک‘، ’ٹوائے اسٹوری تھری‘، ’ٹرو گرِٹ’ اور ’ونٹرز بون‘ شامل ہیں۔

بہترین اداکار کی نامزدگی ’بیوٹی فُل‘ سے ہاویئر بارڈیم، ’ٹرو گرِٹ‘ سے جیف بریجز، ’دی سوشل نیٹ ورک‘ سے جیسی آئسین برگ اور ’دی کنگز سپیچ‘ سے کولن فرتھ کو ملی ہے۔ بہترین اداکارہ کے لیے ’دی کِڈز آر آل رائٹ‘ سے اینیٹ بیننگ، ’ونٹرز بون‘ سے جینیفر لارنس، ’بلیک سوان‘ سے نیتالی پورٹمان، اور ’بلیو ویلینٹائن‘ سے مشل ویلیمز کو نامزد کیا گیا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں