1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آفریدی تنازعہ، سلیکٹر محمد الیاس کی رکنیت معطل

9 جون 2011

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد الیاس کو مبینہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ’کوڈ آف کنڈکٹ‘ کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11XIS
شاہد آفریدیتصویر: AP

سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن محمد الیاس نے سابق کپتان شاہد آفریدی کو کھلے عام تنقید کا نشانہ بنانے کے علاوہ پابندی کے شکار سابق کرکٹر سلمان بٹ کے ساتھ ایک ٹیلی وژن پروگرام میں شرکت کی تھی۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے ان دونوں معاملات پر 65 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے تھے۔

گزشتہ ہفتے بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے محمد الیاس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اپنے داماد عمران فرحت کو قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنانے کے لیے ناجائز کوششیں کرتے ہیں۔ شاہد آفریدی کے اس بیان کے بعد دس ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے محمد الیاس نے ایک نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے رد عمل میں شاہد آفریدی کے خلاف متنازعہ کلمات استعمال کیے تھے۔

Pakistan Cricket Salman Butt Korruption
سلمان بٹتصویر: AP

بعد ازاں محمد الیاس ایک نجی ٹیلی وژن کے ایک پروگرام میں بھی شریک ہوئے، جس میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ بھی شریک تھے۔ اس پروگرام میں شاہد آفریدی اور پاکستانی کرکٹ بورڈ کے درمیان تنازعات پر بھی گفتگو کی گئی تھی۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ضوابط کے مطابق بورڈ کا کوئی رکن کسی بھی ایسے کھلاڑی کے ساتھ تبادلہء خیال نہیں کر سکتا، جو پابندی کا شکار ہو۔ یہ امر اہم ہے کہ اسی پروگرام میں پاکستانی بورڈ کے چیئر مین اعجاز بٹ نے بھی ٹیلی فون کال کے ذریعے شرکت کی تھی۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے ترجمان ندیم سرور نے خبر ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’ہم نے محمد الیاس کو دو مختلف شوکاز نوٹس جاری کیے تھے۔ ان کی طرف سے دیے گئے جوابات تسلی بخش نہیں تھے، اس لیے ان کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔ اب اس معاملے کی مزید چھان بین کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی‘۔

دوسری طرف بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ وہ محمد الیاس کی ایک ٹیلی وژن پروگرام میں سلمان بٹ کے ساتھ مل کر شرکت کے حوالے سے انکوائری کر رہے ہیں، ’جب تک یہ انکوائری مکمل نہیں ہو جاتی، تب تک اس بارے میں مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا‘۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں