1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آنجہانی کاچنسکی کو یورپی یونین اور نیٹو کا خراج عقیدت

12 اپریل 2010

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور یورپی یونین میں شامل ملکوں نے ایک طیارے کے حادثے میں ہفتہ کے روز ہلاک ہو جانے والے پولستانی صدر لیخ کاچنسکی اور 95 دیگر افراد کوخراج عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی۔

https://p.dw.com/p/Mul4
تصویر: AP

برسلز میں پیر کے روز نیٹو کی گورننگ باڈی نارتھ اٹلانٹک کونسل کے ایک اجلاس میں اس المناک واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار بھی کیا گیا، جس میں مغربی روس میں سمولینسک نامی شہر کے نواح میں ایک یادگاری تقریب میں شرکت کے لئے جاتے ہوئے پولینڈ کے صدر اور ان کے ہمراہ جانے والے 95 دیگر افراد اپنے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

Verfassungsgericht stoppt Lissabon Vertrag
کاچنسکی کی المناک موت کے بعد سے اب تک ہر جگہ پر یورپی یونین کے پرچم سرنگوں حالت میں لہرائے جا رہے ہیںتصویر: AP

اس موقع پر نیٹو کے برسلز میں واقع ہیڈکوارٹرز میں ایک بہت سادہ لیکن پروقار تقریب میں اس اتحاد کے سیکریٹری جنرل آندرس فوگ راسموسن اور اس تنظیم میں شامل 28 ملکوں کے اعلیٰ نمائندوں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

مغربی روس میں گزشتہ ویک اینڈ پر پیش آنے والے اس فضائی حادثے میں، جسے پولینڈ کی تاریخ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد سے اب تک کا سب سےبڑا حادثہ قرار دیا جا رہا ہے، صدر کاچنسکی کی اہلیہ، کئی وزراء، ارکان پارلیمان اور درجنوں سرکردہ شخصیات بھی ہلاک ہو گئی تھیں۔ ان میں پولینڈ کی مسلح افواج کے سربراہان بھی شامل تھے۔

اس پس منظر میں برسلز میں نیٹو کے صدر دفتر میں ہونے والی تقریب میں مغربی دفاعی اتحاد کی فوجی کمیٹی کے سربراہ اور اطالوی ایڈمرل جیامپاؤلو دی پاؤلا نے خاص طور پر پولیستانی مسلح افواج کے سربراہان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

اسی طرح برسلز ہی میں، جہاں یورپی یونین اور یورپی کمیشن کے ہیڈکوارٹر قائم ہیں، یورپی کمیشن کے صدر یوزے مانوئل باروسو کی ایک ترجمان نے ایک سرکاری بریفنگ کے دوران وہاں موجود تمام صحافیوں کو اپنے ساتھ احترامً ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے لئے کہا۔ پولینڈ یورپی یونین کے علاوہ نیٹو میں بھی شامل ہے اور اسی لئے صدر کاچنسکی کی المناک موت کے بعد سے اب تک ہر جگہ پر یورپی یونین کے پرچم سرنگوں حالت میں لہرائے جا رہے ہیں۔

Flugzeugabsturz Smolensk mit Lech Kaczynski Präsident Polen
پولینڈ کے صدر اور ان کے ہمراہ جانے والے 95 دیگر افراد ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھےتصویر: AP

اسی دوران روسی وزیر صحت تاتیانا گولیکووا نے پیر کے روز بتایا کہ پولستانی صدر کے ہوائی جہاز میں سوار جو کل 96 افراد ہلاک ہو گئے تھے، ان میں سے اب تک 24 کی لاشوں کی شناخت کی جا چکی ہے۔ دریں اثناء پولینڈ کے قائم مقام صدر برونسلاو کومورووسکی نے پیر کے روز وارسا میں بتایا کہ پولستانی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کا ایک مشترکہ اجلاس کل منگل کو ہو گا۔ اس کے علاوہ قائم مقام صدر ملکی سیاسی جماعتوں سے اس بارے میں مشاورت بھی عنقریب ہی شروع کر دیں گے کہ ملک میں نئے صدر کے انتخاب کے لئے الیکشن کب کرائے جانے چاہیں۔

آنجہانی پولستانی صدر لیخ کاچنسکی کا جسد خاکی اس وقت ایک تابوت میں بند وارسا کے قصر صدارت میں رکھا ہوا ہے، جہاں اگلے چند روز تک عام شہری اور سرکردہ ملکی اور غیر ملکی شخصیات ان کے لئے اپنی عقیدت اور احترام کےجذبات کا اظہار کرسکیں گے۔ وارسا میں سرکاری ذرائع کے اب تک کے بیانات کے مطابق لیخ کاچنسکی کو ان کے اہلیہ ماریا کاچنسکی کے ہمراہ چند روز بعد مشترکہ طور پر سپرد خاک کیا جائے گا۔

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : شادی خان سیف