1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آن لائن اخلاقیات: ڈی ڈبلیو کی پالیسی

شمشیر حیدر31 جنوری 2016

ڈی ڈبلیو اپنے قارئین، سامعین اور ناظرین کو dw.com، فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے تعمیری گفتگو اور بحث کا موقع فراہم کرتا ہے۔ لیکن اس سلسلے میں چند انتہائی اہم امور کا خیال رکھا جانا بھی لازمی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HmaC
Symbolbild Soziale Netze
تصویر: picture-alliance/dpa/Heimken

اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ آپ کی رائے کسی دوسرے صارف کی دل آزاری کا سبب نہ بنے، یہ ضروری ہے کہ مہذب اور دوستانہ انداز میں بحث کی جائے۔ آپ سے گزارش ہے کہ ڈی ڈبلیو کی Netiquette Policy یا آن لائن ضابطہٴ اخلاق کے مطابق اظہار رائے کیجیے۔ ڈوئچے ویلے تبصروں کا جائزہ لینے اور ضرورت پڑنے پر انہیں حذف یا مختصر کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ پالیسی سے مطابقت نہ رکھنے والے تبصرے حذف کر دیے جائیں گے۔ ڈی ڈبلیو اس پالیسی کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے افراد کو بلاک کرنے کا حق بھی محفوظ رکھتا ہے۔

زبان:

آپ اپنی رائے کا اظہار اُردو، انگریزی یا جرمن زبان میں بھی کر سکتے ہیں۔

مواد:

نسل پرستانہ، نفرت انگیز، اشتعال انگیز، فحش یا صنفی امتیاز، اجنبیوں سے نفرت، اور جارحیت پر مبنی تبصروں سے اجتناب کریں۔ ایسے تبصرے فوراﹰ حذف کر دیے جائیں گے۔ اشتہارات یا تجارتی نوعیت کے مواد، سپیم (spam, junk) اور اس نوعیت کے دیگر تبصرے بھی فوراﹰ ہٹا دیے جائیں گے۔ ڈی ڈبلیو ایسی صورت میں صارف کو بلاک کرنے اور رپورٹ کرنے کا اختیار بھی رکھتا ہے۔

مزید برآں اس امر کو بھی یقینی بنائیے کہ آپ کا تبصرہ اسی بات سے متعلق ہو، جس پر بحث کی جا رہی ہے۔ غیر متعلقہ اور ایک سے زائد بار پوسٹ کیے جانے والے تبصرے بھی حذف کر دیے جائیں گے۔

لب و لہجہ:

اظہار رائے کرتے ہوئے براہ مہربانی اس بات کو بھی پیش نظر رکھیں کہ آپ کا لب و لہجہ مناسب اور منصفانہ ہو۔ تحقیر یا توہین آمیز لہجہ استعمال کرنے سے گریز کریں۔ دوسرے قارئین کی توہین مت کیجیے۔ اگر آپ کسی کی بات سے متفق نہیں ہیں تو بھی اخلاقیات اور احترام کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیجیے۔ ڈی ڈبلیو غیر مہذب تبصروں کو حذف کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

تبصرہ کرنے کا طریقہ:

اپنی رائے کو مختصر، موضوع کے مطابق اور جامع رکھیے۔ رومن میں لکھتے ہوئے پوری عبارت کیپیٹل حروف (ABC) میں لکھنے سے اجتناب کیجیے۔ اس کے علاوہ رموز و اوقاف کی تکرار جیسے کہ !!!! یا ؟؟؟؟ بھی مت کیجیے۔

کوئی آڈیو یا ویڈیو کلپ اَپ لوڈ کرنے کی صورت میں کوشش کیجیے کہ اس کا دورانیہ دس منٹ سے کم ہو تا کہ دیگر قارئین زحمت سے بچ سکیں۔ پی ڈی ایف فائل اَپ لوڈ کرتے ہوئے بھی خیال رکھیے کہ اس کی طوالت پانچ صفحات سے زیادہ نہ ہو۔

کاپی رائٹ / اقتباسات:

براہ مہربانی دوسرے قارئین کی رائے یا تبصرے کو دوبارہ نقل کرنے سے اجتناب کریں۔ اگر آپ کسی کے تبصرے پر جواب دے رہے ہیں تو صاحب تبصرہ کا حوالہ ضرور دیجیے۔ دوسری کتابوں، اخبارات کے آرٹیکلز یا کسی مشہور شخصیت کا اقتباس نقل کرنے کی صورت میں بھی اس کا حوالہ ضرور تحریر کیجیے۔

اگر آپ ایسا مواد استعمال کر رہے ہیں، جس کے حقوق محفوظ ہیں، تو ایسی صورت میں پہلے یہ یقین کر لیں کہ آپ کے پاس اس مواد کو استعمال کرنے کے حقوق موجود ہیں۔ اگر آپ کو اس بارے میں شکوک ہیں تو اسے استعمال مت کیجیے۔

کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں ڈی ڈبلیو ایسے تحریروں یا آڈیو اور ویڈیو مواد کو ہٹا دے گا۔

ڈیٹا پروٹیکشن:

تبصروں میں پتے، ٹیلیفون نمبر اور ای میل سمیت کسی بھی قسم کی ذاتی معلومات درج کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ دوسرے لوگوں کی ذاتی معلومات بھی تبصروں میں تحریر نہیں کی جا سکتیں۔ ان معلومات کو عوامی پلیٹ فارمز پر درج نہ کرنا آپ کے اپنے ہی مفاد میں ہے۔

ڈی ڈبلیو کی ویب سائٹ پر فیڈ بیک سیکشن، فیس بک اور ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل نیٹ ورکس پر موجود ہمارے صفحات استعمال کرنے کی صورت میں آپ اس بات کی ضمانت دیتے ہیں کہ آپ ڈی ڈبلیو کی Netiquette Policy یا آن لائن ضابطہٴ اخلاق سے متفق ہیں۔

براہ مہربانی نوٹ فرما لیں کہ کسی قسم کے ممکنہ نقصان یا ڈیٹا کے ضیاع کی صورت میں ڈی ڈبلیو ذمہ دار نہیں ہو گا۔