1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان کا ’کم بیک‘

23 نومبر 2010

ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز میں 173 رنز بنا لئے ہیں اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کو اب پاکستان پر 323 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/QGEA
میچ میں کامیابی کا دارو مدار یونس خان پر بھی ہوگاتصویر: AP

ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلی جا رہی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے اختتام پر جنوبی افریقی بلے باز ایشول پرنس ستائیس جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین مارک باؤچر 13 رنز پرناٹ آؤٹ ہیں۔

منگل کو پاکستانی سپن بالروں نے اچھی بولنگ کی اور جنوبی افریقی بلے بازوں کو مشکل میں ڈالے رکھا۔ اوپنرز ہاشم آملہ اور پیٹرسن نے اگرچہ اکیاسی رنز کی ساجھے داری کی تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد اے بی ڈویلیرز اور جیک کیلس جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے کامیاب بلے باز ہاشم آملہ رہے، جنہوں نےباسٹھ رنز بنائے۔ پیٹرسن 35 جبکہ ڈویلیرز دس رنز بنا سکے، ان تینوں کو عبدالرحمان نے آؤٹ کیا۔ جیک کیلس دس کے انفرادی سکور پر محمد حفیظ کی ایک عمدہ گیند پر توفیق عمرکو کیچ دے بیٹھے۔

Kricket Jacque Kallis
جیک کیلس دوسری اننگز میں ناکام ہو گئےتصویر: AP

اس سے قبل جب دن کے آغاز پر پاکستانی بلے بازوں نے تیسرے دن کے سکور 317 چھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز شروع کی، تو کپتان مصباح الحق اپنے77 رنز میں کوئی اضافہ کئے بغیر ہی سٹائن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کو مشکل سے نکالنے والے عبدالرحمان نے ساٹھ رنز کی ایک عمدہ اننگز کھیلی، جس کے نتیجے میں پاکستان نہ صرف فالو آن سے بچا بلکہ جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کی سبقت کو بھی کافی کم کیا۔ اس دوران عمر گل کے اکیس جبکہ تنویر احمد کےتیس رنز بھی پاکستان کے لئے انتہائی اہم رہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈیل سٹائن نے چار، پال ہیرس نے تین جبکہ بوتھا، کیلس اور مورکل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پانچویں دن کے آغاز پر جنوبی افریقہ کی کوشش ہو گی کہ وہ جلد از جلد بڑا سکور کر کے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دے دے تاکہ میچ کا کوئی نتیجہ برآمد ہو سکے۔ دوسری طرف ماہرین کا کہنا ہے کہ ابو ظہبی کی وکٹ وقت کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کے لئے بہتر ہوتی جا رہی ہے اور اس صورت میں میچ کو کوئی نتیجہ نکلنے کی خاص امید نہیں ہے۔

جنوبی افریقہ اور پاکستان کے مابین کھیلی جا رہی اس دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ برابر رہا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں